بلڈوزر کارروائی جمہوری نظام کے خلاف : نصیر حسین

   

نئی دہلی: کانگریس کے رکن پارلیمنٹ سید نصیر حسین نے پیرکے روز ناگپور میں فہیم خان کے دو منزلہ مکان کے انہدام کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ بلڈوزرکارروائی صرف گھروں پر نہیں بلکہ اس جمہوری نظام پر بھی حملہ ہے جس پر ہمارا ملک قائم ہے۔ ناگپور میونسپل کارپوریشن نے پیرکو فہیم خان کے مکان کو منہدم کردیا، جو کہ مبینہ طور پر 17 مارچ کو پیش آئے تشدد کے ماسٹر مائنڈ ہیں۔ یہ تشدد وشو ہندو پریشد (وی ایچ پی) کی جانب سے مہاراشٹر کے چھترپتی سمبھاجی نگر میں اورنگ زیب کے مقبرے کو ہٹانے کے مطالبے کے بعد بھڑک اٹھا تھا۔شہری حکام نے غیر قانونی تعمیرکو ہٹانے کی مقررہ مدت پوری نہ ہونے پر اس مکان کو منہدم کردیا، جبکہ فہیم خان اس وقت حراست میں ہیں۔ نصیر حسین نے اس کارروائی کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کسی بھی شہری کی املاک کو قانونی کارروائی کے بغیر تباہ نہیں کر سکتی۔کسی کو بھی، حتیٰ کہ حکومت کو بھی یہ حق نہیں کہ وہ کسی کو مجرم قرار دے۔ انہوں نے آئی اے این ایس سے بات کرتے ہوئے کہا۔ یہ عدالتوں کا کام ہے کہ وہ فیصلہ کریں کہ کون مجرم ہے اور سزا دی جائے یا نہیں۔ ہم ایک خطرناک رجحان دیکھ رہے ہیں، بلڈوزر کا استعمال صرف گھروں پر ہی نہیں بلکہ جمہوری نظام پر بھی ہو رہا ہے۔ جہاں کہیں بھی بی جے پی اقتدار میں ہے، چاہے وہ اتر پردیش ہو یا مہاراشٹر، اس طرح کی کارروائیاں کی جا رہی ہیں۔ یہ جمہوری اصولوں اور قانون کی حکمرانی کو کمزورکرنے کی کوشش ہے۔