لندن: یورپی ٹکنالوجی کمپنی نے بلڈ پریشر چیک کرنے والا منفرد بریسلیٹ ’پلس ویو‘ تیار کرلیا۔ بلند فشار خون یا ہائی بلڈ پریشر کی بیماری آج کل بیحد عام ہوتی جارہی ہے لیکن لوگوں کو بلڈ پریشر چیک کرنے میں خاصی مشکل پیش آتی ہے لیکن اب نیدرلینڈ کی ٹکنالوجی کمپنی نے بلڈ پریشر چیک کرنا بہت آسان بنا دیا ہے۔ ٹکنالوجی کمپنی نے لوگوں کی آسانی کیلئے ایسا بریسلیٹ تیار کیا ہے جو مصنوعی ذہانت کی مدد سے فشار خون کی پیمائش کرتا ہے۔میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہیکہ یہ بریسلیٹ 40 سال سے 60 سال تک افراد کیلئے انتہائی موزوں ہے۔بلڈ پریشر کی پیمائش اس وقت کی جاتی ہے جب مریض آرام کررہا ہو، اگر صارف جسمانی سرگرمی میں مشغول ہوتا ہے یا اپنی کلائی کو تھوڑا سا ہلاتا ہے تو پیمائش عارضی طور پر رک جائے گی۔ایکٹیا سسٹم میں ایک ایپلی کیشن شامل ہے جو بلیوٹوتھ ٹکنالوجی کے ذریعہ پریشر کالر اور بریسلٹ سے منسلک ہوتی ہے۔اس منفرد بریسلیٹ کی خاصیت یہ ہیکہ بریسلیٹ اپلیکیشن کے ذریعہ بلڈ پریشر کے ریکارڈ کو بھی چیک کیا جا سکتا ہے اور ہفتہ وار یا ماہانہ رپورٹیں جمع کر کے پی ڈی ایف فائل میں تبدیل کی جا سکتی ہیں تاکہ ڈاکٹر کو بھیجی جا سکیں۔