بلڈ کینسر کی بروقت تشخیص و علاج ضروری

   

علامتوں کو نظر انداز نہ کرنے ڈاکٹر پدماجا کا مشورہ
حیدرآباد ۔ 10 ۔ جون : ( سیاست نیوز ) : بلڈ کینسر خطرناک بیماری ہے تاہم ابتدائی تشخیص اور اس کے علاج سے بہتر نتائج برآمد کیے جاسکتے ہیں اور مریض کی زندگی میں بڑا فرق آسکتا ہے ۔ بلڈ کینسر کا خون کی جانچ سے پتہ چل سکتا ہے جب کہ سانس لینے میں تکلیف اور بخار بھی اس علامات میں شامل ہیں ۔ کورونا کے خوف سے کئی مریض ان علامتوں کو نظر انداز کرتے ہیں جس کی وجہ سے یہ علامتیں شدت اختیار کرجاتی ہیں ۔ تشخیص میں تاخیر سے کئی مسائل پیدا ہوسکتے ہیں ۔ اپولو ہاسپٹل کی ڈاکٹر پدماجا لوکی ریڈی کنسلٹنٹ ہیماٹو آنکالوجی اینڈ اسٹیم سیل ٹرانسپلانٹیشن کے مطابق بلڈ کینسر کی تشخیص اور علاج میں تاخیر کے مجموعی طور پر منفی اثرات مرتب ہوتے ہیں جو مزید تشویش کا باعث ہیں۔ ڈاکٹر پدماجا کا کہنا ہے کہ بلڈ کینسر کے علاج کے دوران خون کے خلیوں ، پلیٹ لیٹس کی کمی سنگین مسئلہ ہوتی ہے ۔ موجودہ حالات میں خون کا عطیہ دینے والوں کی تعداد میں کمی ہوگئی ہے جب کہ خون کی بروقت فراہمی سے مریضوں کی جان بچائی جاسکتی ہے ۔۔