’بلیو اوریجن‘کی خلائی پرواز میں ہندوستانی نژاد اروندر شامل

   

چینائی، 23 جولائی (یو این آئی) امریکی صنعت کار جیف بیزوس کی قائم کردہ ایرو اسپیس کمپنی ‘بلیو اوریجن’ نے اپنے آنے والے خلائی سیاحتی مشن این ایس-34 کے لیے عملے کا اعلان کردیا ہے ، جس میں ہندوستانی نژاد اروندر سنگھ بہل بھی شامل ہیں۔ آگرہ میں پیدا ہونے والے بہل ایک رئیل اسٹیٹ سرمایہ کار ہیں اور انہوں نے امریکی شہریت حاصل کر رکھی ہے ۔ انہوں نے دنیا کے کئی ممالک، قطب شمالی اور جنوبی کا سفر کیا ہے ۔وہ ماؤنٹ ایورسٹ اور گیزا پیر امڈز پرسکائی ڈائیونگ بھی کرچکے ہیں۔ ان کے پاس پرائیویٹ پائلٹ کا لائسنس ہے اور وہ ہیلی کاپٹر بھی اڑاتے ہیں۔ بہل کے علاوہ نیو شیپرڈ خلائی جہاز پر اس ذیلی پرواز پر جانے والوں میں ترک تاجر گوخان ایرڈم، پورٹو ریکو کی ایوارڈ یافتہ ماہر موسمیات اور صحافی ڈیبورا مارٹوریل، اس وقت اسپین میں مقیم برطانوی استاد لیونل پچ فورڈ، کاروباری جے ڈی رسل اور بلاکچین پلیٹ فارم ٹران کے بانی جسٹن سن شامل ہیں۔ نیو شیپرڈ پر جسٹن سن کا یہ دوسرا سفر ہوگا۔ این ایس34 مشن بلیو اوریجن کی 14ویں انسان بردار خلائی پرواز اور نیو شیپرڈ پروگرام کی کل 34ویں پرواز ہے۔
آج تک، کمپنی نے 70 لوگوں کو کارمن لائن، خلا کی بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ حد کے پار کی سیر کرائی ہے ۔