بلیک فنگس ادویات پر مرکز سے رپورٹ طلبی‘ اے پی ہائیکورٹ

   

حیدرآباد: آندھراپردیش ہائی کورٹ نے بلیک فنگس کے علاج کیلئے درکار ادویات کی دستیابی کے بارے میں آندھراپردیش حکومت سے استفسار کیا ہے ۔ آندھراپردیش ہائی کورٹ نے مفاد عامہ کی درخواست کی سماعت کی جس میں بلیک فنگس علاج کیلئے درکار ادویات کی قلت کی شکایت کی گئی ۔ ہائی کورٹ نے مرکز کی داخل کردہ رپورٹ پر عدم اطمینان کا اظہار کیا ۔ مرکز کو ہدایت دی گئی کہ ادویات کے بارے میں پیر تک مکمل رپورٹ پیش کی جائے ۔ عدالت کو بتایا گیا کہ انجکشن کی تیاری کیلئے درکار اشیاء کی قلت ہے جس کے نتیجہ میں مرکز سے زائد سربراہی کی درخواست کی گئی ہے ۔ عدالت کو بتایا گیا کہ ریاست میں بلیک فنگس کے علاج کیلئے 9 لاکھ سے زائد خوراک کی ضرورت ہے لیکن مرکز نے صرف 2 لاکھ 17 ہزار خوراک تقسیم کی ہے ۔ ہائی کورٹ نے ویکسین کی سربراہی کیلئے ریاستوں کیلئے مکمل اعداد و شمار پیش کرنے کی ہدایت دی ۔ عدالت نے کورونا کے علاج کیلئے نیلور میں دی جارہی گواہی کے بارے میں پیر کو فیصلہ سنانے کا اعلان کیا ۔