بلیک فنگس انفکشن انجکشن کی کالا بازاری ، پانچ افراد بشمول ڈاکٹر گرفتار

   

حیدرآباد : بلیک فنگس انفیکشن کے علاج میں استعمال کئے جانے والے انجکشنس کی کالا بازاری میں ملوث 5 افراد بشمول ڈاکٹر کو ٹاسک فورس پولیس نے گرفتار کرلیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ اس کاروبار میں جی سائی ناتھ اپنے ساتھیوں بھوسلے سریش ، جی سائی وردھن گوڑ ، کے سریکانت اور ڈاکٹر سی روی تیجا چودھری کی مدد سے یہ کاروبار چلارہا تھا ۔ ٹاسک فورس نے بتایا کہ کورونا کے مریضوں میں بلیک فنگس انفیکشن تیزی سے پھیلنے کے پیش نظر میں ایمفوٹریسین بی انجکشن کا استعمال کیا جارہا ہے اور اس انجکشن کی بازار میں قلت ہے ۔ دونوں ڈاکٹروں جی سائی ناتھ اور سی روی تیجا چودھری نے جو کارپوریٹ دواخانہ میں ملازمت کرتے ہیں ۔ مریضوں کی نشاندہی کے بعد ان سے رابطہ قائم کرتے ہوئے فی انجکشن 50 ہزار روپئے میں فروخت کررہے تھے ۔ اس بات کی اطلاع ملنے پر ٹاسک فورس نارتھ زون ٹیم نے ایک ڈاکٹر اور اس کے 4 ساتھیوں کو گرفتار کرلیا جبکہ ایک اور ڈاکٹر روی تیجا چودھری ہنوز مفرور ہے ۔ پولیس نے گرفتار افراد کے قبضہ سے انجکشنس اور دیگر اشیاء ضبط کرلیا ۔