کنگ کوٹھی ای این ٹی ہاسپٹل میں 240 بستر فل ، ادویات کی بھی قلت
حیدرآباد : ریاست میں بلیک فنگس کے کیسوں میں دن بہ دن اضافہ ہورہا ہے ۔ ای این ٹی ہاسپٹل کوٹھی میں متاثرین کثیر تعداد میں پہنچ رہے ہیں ۔ ہاسپٹل میں بیڈس سے دوگنے متاثرین پہنچ رہے ہیں ۔ ڈاکٹرس اور طبی عملہ کی جانب سے بیڈس خالی ہونے پر فون کرنے کا تیقن دے کر انہیں واپس کیا جارہا ہے ۔ اتوار کو تعطل کے باوجود ہاسپٹل میں 189 مریضوں کا بطور آؤٹ پیشنٹ علاج کیا گیا ۔ 112 کی حالت نازک ہونے پر انہیں شریک کرنے کی ضرورت تھی تاہم صرف 60متاثرین کو شریک کیا گیا ۔ بیڈس خالی نہ ہونے کی وجہ سے 52 متاثرین شام تک انتظار کرتے رہے ۔ بالآخر ہاسپٹل عہدیدارو ں کی جانب سے متاثرین کے پتہ اور فون نمبرات حاصل کرکے بیڈس خالی ہونے پر اطلاع دینے کا وعدہ کرکے گھربھیج دیا گیا ۔ کئی متاثرین کے رشتہ داروں نے شکایت کی کہ ہاسپٹل میں بیڈس کی پوزیشن معلوم کرنے کئی مرتبہ فون کرنے کے باوجود کوئی جواب نہیں مل رہا ہے ۔ ہاسپٹل میں بیڈس کی قلت پر زیادہ تر مریض پرائیوٹ ہاسپٹلس کا رُخ کررہے ہیں جہاں ان کا آپریشن کیا جارہا ہے لیکن اینٹی فنگل ادویات یہاں بھی دستیاب نہیں ہیں ۔ ادویات کیلئے متاثرین کے رشتہ داروں کو سرکاری ہاسپٹلس جانے کا مشورہ دیا جارہا ہے ۔ سرکاری ہاسپٹل میں پہلے سے زیر علاج مریضوں کو مفت ادویات سربراہ کی جارہی ہیں ۔ خانگی ہاسپٹلس سے میڈیسن کیلئے آنے والوں کو حکومت کی کمیٹی کو میل بھیجنے کا مشورہ دیا جارہا ہے ۔ اس طرح خانگی ہاسپٹلس سے روزآنہ گاندھی ہاسپٹل اور کوٹھی ای این ٹی ہاسپٹل کو 50 سے زائد لوگ رجوع ہورہے ہیں ۔ ای این ٹی ہاسپٹل میں فی الحال 240 بیڈس ہیں جو پر ہوچکے ہیں اور 25 مریضوں کا آپریشن کیا گیا ہے ۔ ڈاکٹرس کا کہنا ہے کہ مریض کا کم از کم ایک ہفتہ علاج کیا جارہا ہے ۔ بلیک فنگس سے ریاست میں تاحال 12 سے زائد اموات ہوئیں اور سینکڑوں متاثرین روزآنہ گاندھی اور ای این ٹی ہاسپٹل رجوع ہورہے ہیں ۔