حیدرآباد میں 1150 اور اضلاع میں 350 بیڈس، گاندھی اور کوٹھی ہاسپٹل میں آپریشنس
حیدرآباد ۔ ریاست میں دن بہ دن بلیک فنگس کے کیسوں میں اضافہ ہونے کے بعد حکومت نے اس کے علاج پر خصوصی توجہ دینے کے لئے ایسے متاثرین کے علاج کے لئے ریاست میں بیڈس کی تعداد بڑھاکر 1500 کردی ہے۔ ابھی تک صرف کوٹھی کے ای این ٹی ہاسپٹل اور گاندھی ہاسپٹل میں بلیک فنگس کا علاج کیا جارہا تھا۔ حکومت نے متاثرین کی تعداد میں زبردست اضافہ کو دیکھتے ہوئے کوٹھی کے ای این ٹی ہاسپٹل کے 250 بیڈس کے ساتھ گاندھی ہاسپٹل میں 350 بیڈس سروجنی آئی ہاسپٹل میں 200 بیڈس کو دستیاب رکھا گیا ہے۔ اس کے علاوہ ویدیا ودھنا پریشد کے ہاسپٹلس میں مزید 350 بیڈس دستیاب رہیں گے۔ ساتھ ہی اضلاع کریم نگر، کھمم کے علاوہ دوسرے اضلاع کے ساتھ 7 ٹیچنگ ہاسپٹلس میں بیڈس کو تیار رکھا گیا ہے جو آج سے عوام کے لئے دستیاب ہو جائیں گے۔ تاہم آپریشنس صرف گاندھی ہاسپٹل کے علاوہ کوٹھی کے ای این ٹی ہاسپٹلس میں کئے جائیں گے۔ طبی تعلیم کے ڈائرکٹر ڈاکٹر رمیش ریڈی اور چیف منسٹر آفس کے او ایس ڈی ڈاکٹر گنگا دھر نے کوٹھی کے ای این ٹی ہاسپٹل پہنچکر بلیک فنگس انفکشن کے متاثرین کا جائزہ لیا اور ایمفوٹیسن۔ بی انجکشن کی سربراہی کم ہونے کا اعتراف کرتے ہوئے اسی انجکشن کے لئے بھاگ دوڑ کرنے کے بجائے متبادل سے استفادہ کرنے کا ڈاکٹرس کو مشورہ دیا۔ انہوں نے کہا کہ اس انفکشن کا شکار ہونے والے شوگر اور دل کے مریضوں کیلئے عثمانیہ ہاسپٹل کے مختلف شعبوں میں خدمات انجام دینے والے ڈاکٹرس کی خدمات سے استفادہ کرنے کا فیصلہ کیا۔ ای این ٹی ہاسپٹل میں آج سے 30 بلیک فنگس کے مریضوں کا آیورویدک علاج کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ دوسری جانب بلیک فنگس سے مزید 2 افراد کی موت واقع ہوگئی اور بلیک فنگس کے مریض بڑی تعداد میں کوٹھی کے ای این ٹی ہاسپٹل سے رجوع ہو رہے ہیں۔ 337 مریضوں کا بحیثیت آؤٹ پیشنٹ معائنہ کیا گیا۔ 5 متاثرین کو ہاسپٹل سے ڈسچارج کیا گیا اور 65 متاثرین کے آپریشن کی تیاریاں کی جارہی ہیں۔