بلیک فنگس مریضوں کی تعداد میں اضافہ کا سلسلہ جاری

   

ای این ٹی اور گاندھی ہاسپٹل سے کثیر تعداد میں مریض رجوع ہورہے ہیں
حیدرآباد۔ ریاست تلنگانہ میں کورونا وائرس کی دوسری لہر کے دوران شروع ہونے والے بلیک فنگس نے شہریو ںمیں جو خوف ودہشت پیدا کی تھی اس کے مریضوں کی تعداد میں اب بھی اضافہ ریکارڈ کیا جا رہاہے اور کہا جارہا ہے کہ ای این ٹی ہاسپٹل کے علاوہ گاندھی ہاسپٹل میں بلیک فنگس کے متاثر ین کی بڑی تعداد رجوع ہونے لگی ہے اس کے علاوہ خانگی دواخانوں میں بھی بلیک فنگس کے مریضوں کی تعداد میں اضافہ ریکارڈ کیا جانے لگا ہے۔ دونوں شہروں حیدرآبادو سکندرآباد میں موجود خانگی کارپوریٹ دواخانوں میں بلیک فنگس کے متاثرین جنہیں سرجری کی ضرورت پڑنے لگی ہے ان کی سرجری کے علاوہ جن مریضوں کو انجکشن دیتے ہوئے فنگس کو پھیلنے سے روکنے کی کوشش کی جا رہی ہے ان کے علاج کا سلسلہ جاری ہے۔بتایاجاتا ہے کہ بیشتر خانگی دواخانوں نے بلیک فنگس کے مریضوں کو انجکشن دینے کے بعد روانہ کرنا شروع کردیا ہے اور کہا جا رہاہے کہ روزانہ کے اساس پر انجکشن دیتے ہوئے مریضوں کو گھر بھیجا جانے لگا ہے انہیں شریک نہیں کیا جا رہاہے تاکہ مریض گھروالوں کے درمیان رہے اور دواخانہ میں بستر خالی رہیں۔ڈاکٹرس کا کہناہے کہ ریاست تلنگانہ میں کورونا وائرس کی دوسری لہر کے اختتام کے ساتھ ہی بلیک فنگس کے مریضوں کی تعداد میں اضافہ ریکارڈ کیا جانے لگا تھا جس کے ساتھ ہی ریاستی حکومت کی جانب سے ای این ٹی ہاسپٹل کوٹھی کو بلیک فنگس کے علاج کے لئے مختص کرنے کا فیصلہ کیا گیا لیکن مریضوں کی تعداد میں ہونے والے اضافہ کو دیکھتے ہوئے سروجنی دیوی آئی ہاسپٹل کے علاوہ دیگر دواخانوں میں بھی حکومت کی جانب سے بلیک فنگس کے مریضوں کو علاج کی سہولت فراہم کرنے کے اقدامات کئے گئے ۔