مہاراشٹرا سرفہرست ، منی پور اور ناگالینڈ کو آخری مقام ، مرکزی محکمہ صحت کے اعداد و شمار میں انکشاف
حیدرآباد ۔ 3 ۔ اگست : ( سیاست نیوز ) : بلیک فنگس کیسیس کے معاملے میں ریاست تلنگانہ کو ملک بھر میں ساتواں مقام حاصل ہوا ہے ۔ کورونا کی دوسری لہر کے دوران اچانک ریاست میں بلیک فنگس کے کیسیس میں زبردست اضافہ ہوگیا تھا حکومت کی جانب سے کوٹھی کے ای این ٹی ہاسپٹل کو بلیک فنگس کے خصوصی ہاسپٹل میں تبدیل کردیا گیا تھا ۔ اس کے علاوہ سکندرآباد کے گاندھی ہاسپٹل اور سروجنی آئی ہاسپٹل میں بھی بلیک فنگس مریضوں کا خصوصی علاج کرنے کے ساتھ ساتھ سرجریز بھی کی گئی تھی ۔ کیسیس میں اضافہ کو دیکھتے ہوئے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہاسپٹلس میں بھی بلیک فنگس متاثرین کا علاج کیا گیا ۔ مرکزی محکمہ صحت و خاندانی بہبود کی جانب سے ملک بھر میں 28 جولائی تک درج ہوئے بلیک فنگس کیسیس کی فہرست جاری کی گئی ہے ۔ جس میں 2578 کیسیس کے ساتھ ریاست تلنگانہ ملک میں ساتواں مقام پر ہے ۔ 9654 کیسیس کے ساتھ ریاست مہاراشٹرا سرفہرست ہے ۔ تلنگانہ سے زیادہ بلیک فنگس کیسیس اندراج ہونے والی ریاستوں کی فہرست میں گجرات بھی شامل ہے جہاں 6846 ، آندھرا پردیش میں 4209 تاملناڈو میں 4075 کرناٹک میں 3648 اور راجستھان میں 3536 کیسیس درج ہوئے ہیں ۔ سب سے کم بلیک فنگس درج ہونے والی ریاستوں میں ناگالینڈ اور تریپورہ میں ایک ایک کیس درج ہوئے جب کہ منی پور میں 7 آسام میں 10 گوا میں 30 ہماچل پردیش میں 31 جموں کشمیر میں 47 کیسیس شامل ہیں ۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ملک بھر میں ماہ مئی کے دوسرے ہفتہ میں بلیک فنگس کے زیادہ کیسیس درج ہوئے ۔ فی الحال کیسیس میں بڑی حد تک کمی آگئی ہے ۔۔