ادویات کی قلت سے بھی مشکلات ۔ حکومت بھی متفکر
حیدرآباد۔ریاست میں کورونا کے ساتھ بلیک فنگس کی لہر نے شہریوں اور محکمہ صحت کو تشویش میں مبتلاء کردیا ہے ۔ بستروں سے زیادہ مریضوں کی تعداد نے ڈاکٹرس اور طبی عملہ کے علاوہ محکمہ صحت میں تشویش کی لہر پیدا کردی ہے۔ کہا جا رہا ہے کہ دونوں شہروں کے علاوہ اضلاع میںآئندہ چند یوم میں صورتحال مزید ابتر ہوسکتی ہے ۔ ماہرین نے محکمہ صحت کو مشورہ دیا کہ وہ حکومت کو بستروں میں اضافہ کے علاوہ سہولتوں کو بہتر بنانے کی تجویز پیش کریںکیونکہ بلیک فنگس مہلک بیماری ہے اس کا فوری علاج نہ ہونے پر یہ جان لیوا ثابت ہوسکتی ہے۔ بلیک فنگس کے علاج کی کوششیں ہو رہی ہیں لیکن ابتدائی دور میں جس طرح کورونا ادویات کی قلت تھی اسی طرح اب بلیک فنگس ادویات کی قلت اور کالا بازاری کی جانے لگی ہے جس کے سبب خانگی دواخانوں میں شریک مریضوں کے افراد خاندان کو مشکلات کا سامنا ہے۔ بلیک فنگس کی ادویات کی قلت پر حکومت متفکر ہے کہ مریضوں کی تعدا دمیں اضافہ ہو تو ادویات کی قلت کو کیسے دور کی جائے۔ عہدیداروں نے بتایا کہ بلیک فنگس کی ادویات کی پیداوار میں تیزی کے علاوہ ریاست کیلئے اضافی کوٹہ کی تجاویز حکومت کو روانہ کردی گئی ہیں تاکہ اس صورتحال سے نمٹنے کے ساتھ خانگی دواخانو ںمیں زیر مریضوں کو بھی ادویات کی فراہمی بہ آسانی ہوسکے ۔