ڈائرکٹر آیوش ڈاکٹر ورشنی کا دعویٰ، یونانی ہاسپٹل چارمینار کا دورہ
حیدرآباد: محکمہ آیوش نے بلیک فنگس کے علاج کے لئے یونانی آیوروید اور ہیوموپیتھی میں موثر دواؤںکی موجودگی کا دعویٰ کیا ہے ۔ ڈائرکٹر محکمہ آیوش ڈاکٹر وی ایس الگو ورشنی نے چارمینار یونانی ہاسپٹل اور ہیوموپیتھی ہاسپٹل عنبرپیٹ کا دورہ کرتے ہوئے ڈاکٹرس سے ملاقات کی اور بلیک فنگس کے علاج کے لئے ادویات کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔ انہوں نے کہا کہ بلیک فنگس سے صحت یابی کے لئے یونانی ادویات کارآمد ہیں۔ یونانی دواؤں سے مریض کی قوت مدافعت میں اضافہ ہوتا ہے ۔ مریض میں بیماری کا دفاع کرنے کی صلاحیت میں اضافہ ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلیک فنگس سے نمٹنے کیلئے یونانی طریقہ کار کے فروغ کے مقصد سے ماہرین کی کمیٹی تشکیل دی گئی ہے۔ ڈاکٹر ورشنی نے بتایا کہ عوام بلیک فنگس کی صورت میں یونانی ہاسپٹل چارمینار سے رجوع ہوسکتے ہیں۔ حکومت نے گاندھی ہاسپٹل اور ای این ٹی ہاسپٹل میں علاج کی سہولتیں فراہم کی ہیں۔ یونانی جنرل ہاسپٹل چارمینار کے علاوہ ریاست کے تمام یونانی ڈسپنسریز میں فلیک فنگس کی ادویات دستیاب ہیں۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ ہیوموپیتھی اور آیوروید کی ادویات سے استفادہ کرتے ہوئے خود کو بلیک فنگس سے بچائیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ مریض متعدی نہیں ہے بلکہ کورونا سے صحت یاب ہونے والے ایسے افراد میں پایا گیا ہے جن کی شوگر ناقابل کنٹرول ہو۔