بلیک میل کرنے والی ایر ہوسٹس گرفتار

   

حیدرآباد /31 اکٹوبر ( سیاست نیوز ) دوستی کے نام پر جنسی تعلقات قائم کرتے ہوئے بلیک میل کرنے والی ایک شاطر ایرہوسٹس کو پولیس نے اس کے شوہر کے ساتھ گرفتار کرلیا ۔ معین آباد پولیس نے ایک کارروائی کے دوران صنعت کار کو بلیک میل کرنے والے میاں بیوی کو گرفتار کرلیا ۔ اس سلسلہ میں ڈپٹی کمشنر آف پولیس شمس آباد زون مسٹر پرکاش ریڈی نے بتایا کہ وجئے کمار اور کنیٹکا کو گرفتار کرلیا گیا ہے ۔ بتایا جاتا ہے کہ معین آباد کے علاقہ میں واقع ایک چرچ کے ذمہ دار کو ان دونوں میاں بیوی نے لوٹ لیا ۔ کنیتکا جو سابق میں ایر ہوسٹس کا کام کرتی تھی ۔ اگست کے مہینے میں معین آباد کے چرچ پہونچی اور خود کو بیمار ظاہر کرتے ہوئے متاثر شخص سے ملاقات کی اور اپنے لئے دعاؤں کی درخواست کی ۔ اس 58 سالہ شخص سے یہ خاتون بار بار ملاقات کرنے لگی ۔ ایک دن چرچ پہونچنے کے بعد اس شخص نے مصروفیت ظاہر کی اور سکندرآباد کے چرچ پر حاضر ہونے کا ذکر کیا تو خاتون بھی اس کے ساتھ چلی گئی ۔

اس دوران اس شخص کو اپنے جھانسے میں لینے کیلئے اس نے اس شخص کو اپنے باپ جیسا ظاہر کیا اور اس شخص کو اپنے بھروسہ میں لے لیا ۔ جس کے بعد اس نے خود کو 7 بڑی ہوٹلوں کی چیرمین ظاہر کیا اور 10 لاکھ روپئے کے ایف سی کے اوٹ لیٹ کیلئے حاصل کئے اور بعد میں اس شخص کو فون پر بتایا کہ کے ایف سی کی منظوری حاصل ہوچکی ہے اور چند افراد کے ساتھ میٹنگ ہے ۔ اس خاتون نے منصوبہ کے تحت شنکرپلی میں واقع اسٹارنس طلب کیا جہاں اس نے پہلے ہی سے ایک ریسارٹ کو بک کروالیا تھا اور میٹنگ کے بعد اس نے اس ریسارٹس میں اس شخص کو طلب کیا اور مشروب میں نشیلی دوا ملاکر پلا دیا ۔ جب صبح اس شخص کو ہوش آیا تو وہ باتھ روم میں پڑا ہوا تھا اور اس کے سامنے ایک شخص اپنے ہاتھ میں گن لئے ہوئے کھڑا ہوا تھا ۔ جس نے اس کے سر پر بندوق تان دی اور دھمکیاں دینے لگا ۔ اس نے زبردستی اس شخص سے ایک کروڑ کا بانڈ پیپر لکھوا لیا اور 10 لاکھ روپئے موقع پر منگوا لئے ۔ خاتون کے ساتھ اس کی عریاں ویڈیو تیار کی گئی اور نشہ کی حالت میں دھت بے ہوش شخص کے ساتھ اس شاطر خاتون نے عریاں تصاویر اور ویڈیو بنالیا اور افسوس کے اس ویڈیو کو خود اس کے شوہر نے تیار کیا ۔ اور اس شخص کو دھمکانے لگے ۔ روزانہ کی ان کی دھمکیوں سے تنگ آکر اس شخص نے پولیس میں شکایت کردی ۔ پولیس معین آباد نے مقدمہ درج کرتے ہوئے ان میاں بیوی کو گرفتار کرلیا ۔ پولیس کی تحقیقات میں اس بات کا بھی انکشاف ہوا ہے کہ اس جوڑے نے مزید کئی افراد کو دھوکہ دیا ہے اور اس طرح یہ شخص بیوی کو استعمال کرتے ہوئے بلیک میلنگ کے ذریعہ لاکھوں روپئے ہڑپ رہا تھا ۔