کوالالمپور ۔ 6 ۔ نومبر (سیاست ڈاٹ کام) ایک ملایشیائی شہری جس نے ایک ایسی بلی کو جو بچہ دینے والی تھی، کپڑے سکھانے کی ایک مشین میں ڈال دیا جس سے اس کی موت واقع ہوگئی ۔ اس واقعہ پر ملایشیائی شہری کو جانوروں پر ظلم کرنے کا مرتکب قرار دیتے ہوئے 34 ماہ کی سزائے قید دی گئی ۔ کے گنیش نامی شخص کو ملایشیاء میں جانوروں سے متعلق قوانین کی خلاف ورزی کرنے کا مرتکب قرار دیا گیا ۔ یہ واقعہ گزشتہ سال ستمبر میں رونما ہوا تھا ۔ گنیش نے فی الحال اپنی سزا کے خلاف اپیل کی ہے اور اسے ضمانت پر رہا کیا جائے گا لیکن 42 سالہ گنیش ملایشیاء کا وہ دوسرا شہری ہے جسے کسی جانور کو ہلاک کرنے کی پاداش میں مستوجب سزا قرار دیا گیا ہے ۔ قبل ازیں ایک ٹیکسی ڈرائیور کو بھی ماہ جنوری میں اسی نوعیت کے جرم کے ارتکاب میں دو سال کی سزائے قید دی گئی تھی۔