واشنگٹن : امریکی کمپنی مائیکروسافٹ کے بانی بل گیٹس اور ان کی اہلیہ میلنڈا کی طلاق کے معاملے نے ذرائع ابلاغ اور سوشل میڈیا پر ایک ہنگامہ برپا رکھا۔ اس حوالے سے تازہ ترین خبر یہ ہے کہ 65 سالہ امریکی ارب پتی پہلی مرتبہ اپنی شادی کی انگوٹھی پہنے ہوئے اعلانیہ طور پر سامنے آئے ہیں۔بل گیٹس کو گذشتہ روز ہفتے کو مین ہاٹن میں دیکھا گیا۔ برطانوی اخبار ڈیلی میل کے مطابق نیویارک انتظامیہ نے کرونا وائرس سے بچاؤ کے لیے استعمال ہونے والے چہرے کے ماسک کو لازمی طور پر پہننے کا اقدام ختم کر دیا جس کے بعد بل گیٹس بغیر ماسک کے بڑھی ہوئی داڑھی کے ساتھ نظر آئے۔ اس موقع پر ان کے بائیں ہاتھ کی انگلی میں شادی کی انگوٹھی واضح طور پر نظر آ رہی تھی۔واضح رہے کہ بل گیٹس اور میلنڈا گیٹس نے رواں ماہ 3 مئی کو اعلان کیا تھا کہ ان دونوں نے 27 برس تک جاری رہنے والی شادی کا تعلق ختم کرنے کا فیصلہ کیاہے۔ اس اعلان نے آئندہ دور رس اثرات اور نتائج کے حوالے سے بڑے پیمانے پر ہلچل مچا دی۔
