بمبئی ہائی کورٹ کا روہت پوار کو سمن

   

اورنگ آباد ،12 فروری (سیاست ڈاٹ کام) بمبئی ہائی کورٹ کی اورنگ آباد بنچ نے کرجت-جام کھیڑاسے نیشنلسٹ کانگریس پارٹی (این سی پی) کے نو منتخب رکن اسمبلی اور پارٹی سپریمو شرد پوار کے پوتے روہت پوار کو انتخابات میں بدعنوانی کے معاملہ میں سمن بھیجا ہے ۔ جج ایس ایم گوانے نے منگل کو بی جے پی لیڈر رام شندے اور آزاد امیدوار روہت راجندر پوار کی درخواست پر سماعت کی۔ درخواست گزاروں نے روہت پوار کو نااہل قرار دیئے جانے کا مطالبہ کیا ہے ۔ درخواست میں کہا گیا ہے کہ مسٹر پوار نے انتخابات کے دوران قابل اعتراض بیان دئیے تھے اور انتخابی اخراجات سے متعلقہ صحیح معلومات کو چھپایا تھا۔ درخواست میں کہا گیا ہے کہ مسٹر پوار ‘بارامتی آگرہ کمپنی’ کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر (سی ای او) بھی ہیں اور انہوں نے اپنے ملازمین کو کام سے ہٹاکر کر انہیں اسمبلی انتخابات کے دوران انتخابی مہم میں لگایا تھا۔ یہ بھی دعوی کیا گیا ہے کہ مسٹر پوار کے حق میں ووٹ ڈالنے کے لئے ہر ایک ووٹر کو این سی پی نے ایک ایک ہزار روپے دیئے تھے ۔ اس کے ساتھ ہی مسٹر شندے کے خلاف سوشل میڈیا پر پروپیگنڈہ پیغام بھی بھیجے گئے تھے ۔ دیگر درخواست گزار روہت راجندر پوار نے الزام لگایا کہ ان کی نامزدگی کو جان بوجھ کر منسوخ کیا گیا جبکہ انہوں نے تمام تفصیلات بتائی تھی۔ عدالت نے رکن اسمبلی روہت پوار کو نوٹس جاری کیا ہے ، اس معاملہ کی اگلی سماعت 13 مارچ کو ہوگی۔