واشنگٹن، 13 مارچ (یو این آئی) ایران کے خلاف جاری فضائی بمباری کے دوران امریکی طیارہ عراق میں گرکر تباہ ہوگیا، حادثہ کا شکار ہونے والے طیارے میں 6 فوجی اہلکار سوار تھے ۔ مغربی عراق میں آپریشن ایپک فیوریکے دوران امریکی فضائیہ کا ایندھن بھرنے والا طیارہ (کے سی135)گر کر تباہ ہو گیا۔ امریکی سنٹرل کمانڈ نے واقعہ کی تصدیق کرتے ہوئے اسے ایک حادثہ قرار دیتے ہوئے کہا دو طیاروں کو فضائی مشن کے دوران مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، جن میں سے ایک طیارہ گر گیا جبکہ دوسرے نے محفوظ لینڈنگ کی۔ امریکی حکام کا کہنا ہیکہ یہ واقعہ کسی دشمن کے حملے یا فرینڈلی فائرکا نتیجہ نہیں ہے ۔ حادثہ کا شکار ہونے والے طیارے میں 6 فوجی اہلکار سوار تھے ۔ دوسری جانب ایران کے ختم الانبیا سنٹرل ہیڈ کوارٹر نے امریکی دعوے کی تردید کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ عراق کی مزاحمتی فورسز نے امریکی ری فیولنگ طیارے کو مار گرایا ہے اور اس میں موجود تمام اہلکار ہلاک ہو چکے ہیں۔ اسی دوران، فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون نے تصدیق کی ہیکہ عراق کے شہر اربیل میں ایک حملے کے دوران ایک فرانسیسی فوجی ہلاک اور کئی زخمی ہوئے ہیں۔ یہ واقعہ مخمور کے علاقے میں پیشمرگہ بیس پر ڈرون حملے کے نتیجے میں پیش آیا۔