بمراہ سری لنکا کے خلاف ونڈے سیریز سے بھی باہر

   


نئی دہلی۔ ہندوستانی فاسٹ بولر جسپریت بمراہ منگل سے گوہاٹی میں شروع ہونے والی سری لنکا کے خلاف تین میچوں کی ونڈے سیریز سے باہر ہو گئے ہیں۔ بی سی سی آئی کے ایک سرکاری بیان کے مطابق بمراہ جو ونڈے سیریز سے قبل گوہاٹی میں ٹیم میں شامل ہونے والے تھے، انہیں بولنگ میں لچک پیدا کرنے کے لیے کچھ اور وقت درکار ہوگا۔ بیان میں مزید کہا کہ یہ فیصلہ احتیاطی اقدام کے طور پر لیا گیا ہے، بمراہ کی غیر موجودگی میں کسی متبادل کا نام نہیں لیا گیا، اس اعلان کے بعد دائیں ہاتھ کے فاسٹ بولرکی مسابقتی کرکٹ میں واپسی میں مزید تاخیر ہو رہی ہے۔ 29 سالہ بمراہ 27 دسمبر کو سری لنکا کے خلاف سیریز کے لیے معلنہ ہندوستان کے اصل ونڈے اسکواڈ کا حصہ نہیں تھے لیکن انھیں 3 جنوری کو تین میچوں کی سیریز کے لیے اسکواڈ میں شامل کیا گیا تھا۔بی سی سی آئی نے اس وقت کہا تھا، فاسٹ بولرکی صحت یابی ہوئی ہے اور انہیں این سی اے نے فٹ قرار دیا ہے۔ وہ جلد ہی ٹیم کے ونڈے اسکواڈ میں شامل ہوں گے۔ بمراہ ستمبر 2022 کے بعد سے کرکٹ ایکشن سے باہر ہیں، جب آسٹریلیا کے خلاف دوگھریلو ٹی20 کھیلنے کے بعد ان کی کمر کی چوٹ دوبارہ سامنے آئی اور اس کے بعد وہ آسٹریلیا میں ہونے والے آئی سی سی مینز ٹی20 ورلڈ کپ سے باہر ہو گئے۔ ابھی یہ معلوم نہیں ہوسکا کہ کیا ہندوستان بمراہ کو نیوزی لینڈ کے خلاف 18 جنوری کو شروع ہونے والی ونڈے سیریز کے لیے منتخب کرے گا یا نہیں۔ ہندوستان اور سری لنکا کے درمیان گوہاٹی میں پہلا ونڈے کل کھیلا جائے گا، اس کے بعد بالترتیب 12 اور 15 جنوری کو کولکتہ اور ترواننت پورم میں دو مقابلے ہوں گے۔ سری لنکا کے خلاف ونڈے سیریز میں کپتان روہت شرما، سابق کپتان ویرات کوہلی، کے ایل راہول اور شریاس آیر کی حالیہ 2-1 سے ٹی ٹوئنٹی سیریز کی فتح سے محروم ہونے کے بعد واپسی ہوگی۔ سری لنکا ونڈے کے لیے ہندوستان کا تازہ ترین اسکواڈ: روہت شرما (کپتان)، شبمن گل، ویرات کوہلی، سوریاکمار یادو، شریاس ایر، کے ایل راہول (وکٹ کیپر) ، ایشان کشن (وکٹ کیپر)، ہاردک پانڈیا (نائب کپتان)، واشنگٹن سندر، یوزویندر چہل، کلدیپ یادو، اکشر پٹیل، محمد سمیع، محمد سراج، عمران ملک اور ارشدیپ سنگھ۔