نئی دہلی، 26 جولائی ( (آئی اے این ایس) ہندوستانی سابق بیٹر محمد کیف نے انکشاف کیا ہے کہ فاسٹ بولر جسپریت بمراہ ممکنہ طور پر ٹسٹ کرکٹ سے جلد سبکدوش ہو سکتے ہیں۔ چوتھے ٹسٹ میں ان کی رفتار اور کارکردگی میں واضح کمی دیکھنے کو ملی ہے۔ مانچسٹر ٹسٹ میں بمراہ نے تادم تحریر28 اوورز میں95 رنز دے کر صرف ایک وکٹ حاصل کی۔ ان کی رفتار بھی کم ہوکر 130۔135 کلومیٹر فی گھنٹہ تک محدود رہی، جو ہیڈنگلے اور لارڈز میں 140 کلومیٹر فی گھنٹہ تھی۔ کیف نے ایک ویڈیو بیان میں کہا بمراہ ایماندارکھلاڑی ہیں۔ اگر انہیں لگے کہ وہ صد فیصد نہیں دے پا رہے تو خود پیچھے ہٹ جائیں گے۔ رفتار میں کمی اور جسمانی مسائل ان کے ٹسٹ کیریئر کے لیے خطرے کی گھنٹی ہیں۔میچ کے دوران بمراہ کو ٹخنے کی تکلیف میں بھی دیکھا گیا، جس سے ان کی فٹنس پر سوالات اٹھے ہیں۔