بمراہ پیٹھ کے علاج کیلئے لندن جائیں گے

   

نئی دہلی۔2 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستانی ٹیم کے زخمی فاسٹ بولر جسپریت بمراہ کمر کے نچلے حصے میں تکلیف پر خصوصی رائے لینے کیلئے انگلینڈ جائیں گے۔ اس تکلیف کے سبب بمراہ کم سے کم دو مہینے تک ٹیم سے باہر ہو گئے۔ اس دوران وہ جنوبی افریقہ اور بنگلہ دیش کے خلاف ٹسٹ سیریز میں حصہ نہیں لے پائیں گے۔ ساڑھے تین سال کے کریئر میں یہ پہلی مرتبہ ہوگا جب بمراہ تکلیف کے سبب اتنے طویل وقت تک ٹیم سے دور رہیں گے۔بی سی سی آئی کے ایک عہدیدار نے رازداری کی شرط پر کہا کہ بی سی سی آئی زخم کے علاج کیلئے بمراہ کو لندن بھیج رہا ہے۔ اس دوران این سی اے کے فیزیو تھیریپسٹ اشیش کوشک ان کے ساتھ رہیں گے۔ بی سی سی آئی نے تین الگ الگ ماہرین سے رائے لینے کیلئے وقت لیا ہے۔ ان کا آگے کا منصوبہ تین ڈاکٹروں سے ملی رائے پر منحصر کرے گا۔ ہم نے اس معاملے پر بہترین ڈاکٹروں سے مشورہ کیا ہے۔ ٹیم کو جنوبی افریقہ اور بنگلہ دیش کے خلاف عالمی ٹسٹ چمپئن شپ میں بمراہ کی کمی کا احساس ہوگا۔ 25 سالہ بمراہ گزشتہ دو سال میں ٹیم کے کلیدی بولر بن کر ابھرے ہیں ۔انہوں نے 12 ٹسٹ میں 62 وکٹ جبکہ 58 ونڈے میں 103 وکٹ لئے ہیں۔ ٹی 20 میں ان کے نام 42 میچ میں 51 وکٹ ہیں۔