بمراہ کا بولنگ انداز ہی انکا اصل دشمن :کپل دیو

   

Ferty9 Clinic

نئی دہلی۔28 نومبر (سیاست ڈاٹ کام ) اپنی جس شاندار بولنگ کی وجہ سے جسپریت بمراہ آج ہندوستان کے اہم بولر ہیں لیکن اب وہی بولنگ ان کے کیریئر کی دشمن بنتی نظر آرہی ہے۔ بولنگ میںکا ان کا ایکشن ان کے کیریئر کو مختصر کر رہا ہے۔ چوٹ کی وجہ سے کرکٹ سے دور بمراہ کا بولنگ ایکشن ان کے لئے مصیبت بن رہا ہے۔ ہندوستانی ٹیم کے سابق کپتان کپل دیو کا خیال ہے کہ بمراہ کا ایکشن چوٹ کو دعوت دیتا ہے۔ ورلڈ کپ کے بعد بمراہ صرف تین میچوں میں ہی میدان پر اترے ہیں۔ ایک مرتبہ ویسٹ انڈیز اے کے خلاف اور اس کے بعد ویسٹ انڈیز کے خلاف دو ٹسٹ میچوں کی سیریز کیلئے وہ میدان پر اترے تھے۔ اسٹار اسپورٹس کو دئے ایک انٹرویو میں کپل دیو نے کہا کہ بمراہ 140 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے مستقل بولنگ کرتا ہے لیکن کسی فاسٹ بولرکا لمبا رن اپ نہیں لینا چوٹ کو دعوت دیتا ہے۔ کئی سابق فاسٹ بولر اور ماہرین نے بھی اس حقیقت کا تذکرہ کیا ہے کہ ان کا بولنگ ایکشن ان کے پاوں اورکمر کے نچلے حصے پر زیادہ دباو ڈالتا ہے اور یہ بھی پیش قیاسی کی تھی کہ وہ اکثر زخمی ہوسکتے ہیں۔ کپل دیوہمیشہ ہی ایک لمبا رن اپ لیتے تھے او روہ اپنے 131 ٹسٹ میچوں کے کیریئر میں چوٹ کی وجہ سے ایک بھی میچ کیلئے ٹیم سے باہر نہیں ہوئے۔ بمراہ نے 12 ٹسٹ میچوں میں 62 وکٹیں لی ہیں۔ جنوبی افریقہ ، انگلینڈ ، آسٹریلیا اور ویسٹ انڈیز میں وہ اننگز میں پانچ وکٹ لینے کے کلب میں بھی شامل ہوئے۔ ویسٹ انڈیز کے خلاف جمیکا ٹسٹ میں انہوں نے ایک ہیٹ ٹرک بھی لی تھی۔ وہیں انہوں نے 103 ونڈے اور51 ٹی 20 وکٹ بھی لئے ہیں۔کپل دیو نے کہا کہ بمراہ اپنے جسم سے زیادہ اپنے کندھوں کا استعمال کرتے ہیں ، جو چوٹ کی سب سے بڑی وجہ ہے۔ انہوں نے بھونیشور کمار کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ وہ بولنگ میں اپنے جسم کا استعمال کرتے ہیں ، جس کی وجہ سے وہ کم زخمی ہوتے ہیں جبکہ بمراہ اپنے کندھوں کا استعمال زیادہ کرتے ہیں۔