بمراہ کا دہلی میں انتظار 50 ویں ٹسٹ میں ختم ہوگا ؟

   

نئی دہلی 7 اکتوبر (ایجنسیز) احمد آباد میں پہلا ٹسٹ تین دن میں ختم ہونے کے بعد، ہندوستان اور ویسٹ انڈیزکے درمیان اگلا میچ 10 اکتوبر کو نئی دہلی کے ارون جیٹلی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔ یہ سیریز کا دوسرا اور آخری میچ ہوگا اور یہاں کامیابی میزبان ٹیم کو سیریز پر قبضہ یقینی بنائے گی لیکن اس میچ سے پہلے یہ بحث مسلسل جاری ہے کہ کیا اسٹار فاسٹ بولر جسپریت بمراہ کو اس میچ میں شامل کیا جائے یا انہیں آرام دیا جائے؟ اگر بمراہ اس میچ میں کھیلتے ہیں، تو یہ ان کے لیے خاص ہوگا، کیونکہ یہ ان کے لیے ایک طرح کا ڈیبیو ہوگا۔ یاد رہے کہ رواں ٹسٹ سیریزکا دوسرا میچ جمعہ 10 اکتوبرکو دہلی کے ارون جیٹلی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔ فروری 2023 کے بعد اس گراؤنڈ پر کھیلا جانے والا یہ پہلا ٹسٹ میچ ہوگا۔ ٹیم انڈیا نے آخری بار اس گراؤنڈ پر ٹسٹ فارمیٹ میں کھیلا تھا، اس کا مقابلہ آسٹریلیا سے ہوا تھا۔ اس وقت روہت شرما کپتان تھے، راہول ڈراویڈ ہیڈ کوچ تھے۔ ان کے علاوہ ویراٹ کوہلی، روی چندرن اشون اور چیتشور پجارا بھی ٹیم انڈیا کا حصہ تھے لیکن ان ڈھائی سالوں میں سب کچھ بدل گیا ہے۔ ان سب کے علاوہ ایک اورچیز ہے جو اس بار مختلف ہے، اور اس کا تعلق بمراہ سے ہے۔ جسپریت بمراہ آخری دہلی ٹسٹ کے لیے ٹیم انڈیا کے اسکواڈ کا حصہ نہیں تھے۔ انہیں انکی شادی کے لیے وقفہ دیا گیا تھا تاہم اس بار اسٹار فاسٹ بولر ٹیم انڈیا کا حصہ ہیں اور ان کے کھیلنے کا قوی امکان ہے۔ یہ بمراہ کے لیے اس ٹسٹ میچ کو خاص بناتا ہے اور یہ اس گراؤنڈ پر ان کے لیے ڈیبیو جیسا ہے۔ درحقیقت بمراہ جنہوں نے2018 میں اپنے ٹسٹ کیریئرکا آغازکیا، فیروز شاہ کوٹلہ میں اب تک کھیلے گئے 49 ٹسٹ مقابلوں میں ایک بھی ٹسٹ میچ نہیں کھیلا ہے۔ لہذا اس بار ان کا انتظار ان کے 50 ویں ٹسٹ میں ختم ہوسکتا ہے ، دوسری جانب جیٹلی اسٹیڈیم کے ریکارڈ کی بات کریں تو اس گراؤنڈ پرکھیلا جانے والا پہلا ٹسٹ میچ 1948 میں ہندوستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان کھیلا گیا تھا جو ڈرا پر ختم ہوا تھا۔ اس کے بعد سے اب تک یہاں جملہ 35 ٹسٹ میچ کھیلے جا چکے ہیں جن میں سے صرف 20 میں جیت یا ہارکا نتیجہ نکلا ہے جبکہ 15 ڈرا پر ختم ہوئے ہیں۔ ٹیم انڈیا نے تمام 35 میچ کھیلے ہیں جن میں سے14 جیتے اور6 ہارے۔گزشتہ 15 سالوں میں یہاں 5 ٹسٹ کھیلے گئے جن میں سے ہندوستان نے 4 جیتے اور ایک ڈرا رہا۔