بمراہ کا لارڈز پر مایوس کن مظاہرہ، منفی ریکارڈبھی درج

   

لارڈز ۔ہندوستان اور انگلینڈ کے درمیان کھیلا جانے والا لارڈز ٹسٹ دلچسپ صورتحال میں ہے۔ ہندوستان کے فاسٹ بولرجسپریت بمراہ جنہوں نے پہلے میچ میں 9 وکٹیں حاصل کیں تھی تاہم لارڈز ٹسٹ کی پہلی اننگز میں انتہائی مایوس کن کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ جسپریت بمراہ اب تک لارڈز ٹسٹ میں 13 نو بال کر چکے ہیں اور ایک مایوس کن ریکارڈ بھی ان کے نام درج ہے۔ہندوستان نے لارڈز ٹسٹ کی پہلی اننگز میں364 رنز بنائے تھے۔ انتہائی خراب آغاز کے باوجود انگلینڈ کی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں391 رنز بنانے میں کامیاب رہی۔ انگلینڈ نے پہلی اننگز میں 27 رنز کی برتری حاصل کی۔اگر ہندوستانی بولر33 اضافی رنز نہ دیتے تو انگلینڈ کی برتری کم ہو سکتی تھی۔ یہ مانا جا سکتا ہے کہ ہندوستانی بولرز کی طرف سے خرچ کیے گئے اضافی رنز انگلینڈ کی برتری کی وجہ تھے۔ حیرت انگیز طور پر 33 اضافی رنز میں17 نو بال شامل تھے۔ یہی نہیں ان میں سے 13 گیندیں ہندوستان کے نمبر ایک فاسٹ بولر جسپریت بمراہ نے پھینکی ہیں۔جسپریت بمراہ کے لئے لارڈز کا ٹسٹ بہت مایوس کن ثابت ہو رہا ہے۔جسپریت بمراہ نے 26 اوورزکی بولنگ میں 79 رنز خرچ کیے اور انہیں ایک بھی وکٹ نہیں ملی۔ بمراہ نے اپنی پہلی اننگز کا آخری اوور مکمل کرنے میں بھی15 منٹ کا طویل وقت لیا۔ جسپریت بمراہ نے اس اوور میں چار نو بال کی۔اس کے ساتھ بمراہ نے 13 نوبال پھینکنے کی وجہ سے ظہیر خان کے ریکارڈ کی برابری کی ہے جسے وہ کبھی یاد نہیں کرنا چاہیں گے۔ظہیر خان نے 2002 میں ویسٹ انڈیز کے خلاف ایک اننگز میں 13 نو بال کی تھیں۔ جسپریت بمراہ کا نام بھی ہندوستان کی جانب سے ایک اننگز میں سب سے زیادہ نو بال پھینکنے کے لیے درج کیا گیا ہے۔