نئی دہلی : ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے سابق اوپنر گوتم گمبھیر سمجھتے ہیں کہ ہندوستانی ٹیم انتظامیہ کو اپنے فاسٹ بولر جسپریت بمراہ کو صحیح انداز میں استعمال کرنا ہوگا اور انگلینڈ کے خلاف ہونے والی گھریلو سیریز میں انہیں وقفہ دیا جانا چاہئے۔ رواں برس آئی پی ایل کے بعد سے بمراہ مسلسل پانچ ماہ سے کرکٹ کھیل رہے ہیں جس کی وجہ سے آسٹریلیا کے خلاف ٹسٹ سیریز کے دوران وہ زخمی ہوئے ہیں اور میزبان ٹیم کے خلاف برسبین میں کھیلے جانے والے آخری ٹسٹ سے وہ پیٹ کی تکلیف کے باعث باہر ہوچکے ہیں۔ گمبھیر نے کہا ہیکہ چینائی میں 5 فروری کو انگلینڈ کے خلاف شروع ہونے والی سیریز کے تمام مقابلوں میں بمراہ کو شامل کیا جانا زیادتی ہوگی۔ بائیں ہاتھ کے اوپنر نے مزید کہا ہیکہ ہندوستان اب جبکہ انگلینڈ کے خلاف چار ٹسٹ مقابلوں کی سیریز کی میزبانی کررہا ہے، لہٰذا ضروری ہیکہ بمراہ کو تمام مقابلوں میں بولنگ کی ذمہ داری نہیں دینی چاہئے۔ انہوں نے مزید کہا ہیکہ ہندوستانی وکٹوں پر بمراہ نے بہت زیادہ ٹسٹ نہیں کھیلے ہیں اور بہتر ہیکہ انہیں انگلینڈ، جنوبی افریقہ اور آسٹریلیا کی وکٹوں پر زیادہ استعمال کیا جائے۔ دوسری جانب انگلینڈ کے خلاف گھریلو سیریز میں محمد سمیع، ایشانت شرما اور اومیش یادو کے زخمی ہونے کے بعد دیگر نوجوان بولروں کو موقع دیا جانا چاہئے۔