بمراہ کو انگلینڈ میں وسیم اکرم کا ریکارڈ توڑنے کا موقع

   

لیڈز، 20 جون (ایجنسیز) ۔جب جسپریت بمراہ انگلینڈ کے خلاف پہلے ٹسٹ میں لیڈز میں بولنگ کرنے کیلئے میدان میں اتریں گے تو ان سے ایک بار پھر میچ جیتنے والے اسپیل کی توقع کی جائے گی۔ اس میں کوئی شک نہیں کہ جسپریت بمراہ لیڈزکی تیز پچ پر انگلینڈ کی بیٹنگ یونٹ کو تباہ کر سکتے ہیں۔ اگر جسپریت بمراہ اس سیریز میں سب سے زیادہ وکٹیں لیتے ہیں تو شاید کسی کو حیرانی نہیں ہوگی۔ ویسے اگر بمراہ اس ٹسٹ میچ میں 5 وکٹیں لے لیتے ہیں تو وہ ایک ریکارڈ اپنے نام کر لیں گے جو واقعی حیرت انگیز ہوگا۔ جسپریت بمراہ کے پاس پاکستانی کے سابق کپتان اور سوئنگ کے سلطان کہے جانے والے سابق بولر وسیم اکرم کا ریکارڈ توڑنے کا موقع ہے جس پر پاکستانی ٹیم کے شائقین کو فخر ہے۔ بمراہ اکرم کا ریکارڈ توڑیں گییہ یقینی بات ہے ۔جسپریت بمراہ درحقیقت جنوبی افریقہ، انگلینڈ، نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا یعنی سینا ممالک میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے ایشیائی بولر بننے سے صرف 5 وکٹیں دور ہیں۔ بمراہ کی سینا ممالک میںجملہ 145 وکٹیں ہیں۔ وسیم اکرم نے ان سے زیادہ وکٹیں حاصل کی ہیں۔ اس کا مطلب ہے کہ جیسے ہی وہ دو وکٹیں لیں گے، بمراہ لیجنڈری پاکستانی بولرکو پیچھے چھوڑ دیں گے اور جیسے ہی وہ 5 وکٹیں لیں گے، وہ سینا ممالک میں 150 وکٹیں لینے والے پہلے ایشیائی بولر بن جائیں گے۔وسیم اکرم نے55 اننگز میں مجموعی طور پر146 وکٹیں حاصل کیں۔ جسپریت بمراہ نے سینا ممالک میں 68 اننگز میں 145 وکٹیں حاصل کی ہیں۔ جسپریت بمراہ نے آسٹریلیا میں 23 اننگز میں 64 وکٹیں حاصل کی ہیں۔ انہوں نے جنوبی افریقہ میں15 اننگز میں 38 وکٹیں حاصل کیں۔ انہوں نے انگلینڈ میں 15 اننگز میں 37 وکٹیں حاصل کیں۔ علاوہ ازیں انہوں نے نیوزی لینڈ میں 4 اننگز میں 6 وکٹیں حاصل کیں۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ وسیم اکرم اپنے 18 سالہ کریئر میں جو کچھ بھی کر سکے، بمراہ صرف 7 سال میں کرنے جا رہے ہیں۔ جسپریت بمراہ اس سیریز میں بھی انگلینڈ کے لیے بڑا خطرہ ثابت ہو سکتے ہیں۔ بارڈر ۔گواسکر ٹرافی میں اس بولر نے 5 ٹسٹ میچوں میں 32 وکٹیں لے کر سیریز کے بہترین کھلاڑی کا اعزاز حاصل کیا۔ انگلش پچ پر بمراہ کو مزید مدد مل سکتی ہے، اب دیکھنا یہ ہے کہ انگلینڈ کے بیٹرس اس لیجنڈ کا سامنا کیسے کرتے ہیں؟ویسے اس میں دو رائے نہیں کہ ہند۔انگلینڈ سیریز میں بمراہ پھر ایک مرتبہ توجہ کا مرکز ہوں گے ۔