ویلنگٹن ۔ 18 فروری (سیاست ڈاٹ کام) نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے سب تیز بولر تصور کئے جانے والے سابق فاسٹ بولر شین بانڈ نے کہا ہیکہ نیوزی لینڈ ٹیم نے حالیہ ونڈے سیریز میں جس طرح ہندوستانی ٹیم کے صف اول کے فاسٹ بولر جسپریت بمراہ کا سامنا کیا اور شاندار حکمت عملی کے تحت انہیں کریئر میں پہلی مرتبہ سیریز میں وکٹ حاصل کرنے میں ناکام رکھا وہ حکمت عملی دیگر ٹیموں کیلئے بھی مثال ثابت ہوگی اور دنیا کی دوسری ٹیمیں بھی بمراہ کے خلاف اسی طرح کی حکمت عملی اختیار کرے گی۔ نیوزی لینڈ کے خلاف ونڈے سیریز میں جسپریت بمراہ تینوں مقابلوں میں شرکت کرنے کے باوجود وکٹ حاصل کرنے میں ناکام ہوئے تھے جس پر چاروں گوشوں سے بمراہ پر تنقید کی جارہی ہے لیکن بانڈ کا کہنا ہیکہ جسپریت جیسے معیار کے بولر کے ساتھ ٹیم کی امیدیں وابستہ ہوتی ہیں لیکن دوسری جانب حریف ٹیم نے انہیں سب سے بڑا خطرہ محسوس کرتے ہوئے ان کے خلاف روایتی اور قدیم انداز میں کرکٹ کھیلی اور انہیں وکٹ لینے سے باز رکھا۔ علاوہ ازیں بمراہ کے خلاف اس حکمت عملی کے ساتھ ٹیم میں شامل نوجوان بولروں نودیپ سائنی اور شردل ٹھاکر کو اصل نشانہ بنایا گیا۔ دنیا کے تمام ٹیمیں جسپریت بمراہ کے خلاف اسی طرح کی حکمت عملی اختیار کریں گے جیسا کہ بمراہ کو سب سے بڑا خطرہ تصور کرتے ہوئے دوسرے بولروں کے خلاف جارحانہ حکمت عملی اختیار کی جائے گی۔ ونڈے سیریز میں بمراہ کی ناکامی کے باوجود بانڈ کا ماننا ہیکہ ہندوستانی نمبر ایک بولر بمراہ نے ونڈے سیریز میں اتنی مایوس کن اور ناقص بولنگ نہیں کی لیکن مقابلہ کے اختتام پر اعدادوشمار ہی اہمیت کے حامل ہوجاتے ہیں۔ یاد رہے بانڈ نے بمبئی انڈینس کے بولنگ کوچ کے طور پر آئی پی ایل میں بمراہ کے ساتھ کام کیا ہے۔