بمراہ کی شاندار بولنگ ،افریقہ 159 رنز پر ڈھیر

   

کولکتہ، 14نومبر (یو این آئی) کولکتہ کے تاریخی میدان ایڈن گارڈنز میں ہندوستان اور جنوبی افریقہ جو 15 سال کے بعد آمنے سامنے ہوئے ہیں لیکن پہلے دن بولروں کا غلبہ رہا جیسا کہ پہلے دن کے اختتام پر ہندوستان نے اپنے جارحانہ اوپنر جیسوال کی وکٹ گنوانے کے بعد 37 رنز بنالئے ہیں اور مہمان ٹیم کے مجموعی اسکور سے ہنوز 122 رنز پیچھے ہیں۔ دن کے اختتام پر کے ایل راہول نے 59 گیندوں کاسامنا کرنے کے بعد 13 رنز بنائے ہیں جبکہ نائٹ واچ مین واشنگٹن سندر نے 38 گیندوں میں 6 رنز بنائے ہیں۔افریقہ کو واحد کامیابی مارکو جانسن نے دلوائی۔ قبل ازیں ہندوستانی فاسٹ بولر جسپریت بمراہ نے 27رنز دے کر پانچ وکٹوں کی خطرناک بولنگ کی جس کی بدولت ہندوستان نے جنوبی افریقہ کو ایڈن گارڈنز میں پہلے ٹسٹ کے پہلے ہی دن جمعہ کے روز اس کی پہلی اننگز میں55 اوورمیں159 رنز پر سمیٹ دیا۔جنوبی افریقہ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا اور رائن ریکلٹن اور ایڈن مارکرام نے محتاط انداز میں اننگز کا آغازکیا۔ لیکن جسپریت بمراہ نے دونوں اوپنرس کو پویلین کی راہ دکھائی اورکلدیپ یادو نے ٹیمبا باووما کو آؤٹ کیا۔ دوسرے سیشن میں بمراہ اورکلدیپ نے ایک ایک کامیابی حاصل کی جبکہ سیشن کے آخری حصے میں محمد سراج نے دو جھٹکے دیے ۔ اکشر پٹیل کی کامیابی کے ساتھ ہی دوسرا سیشن جنوبی افریقہ کے آٹھ وکٹ پر154 رنزکے اسکور کے ساتھ ختم ہوا۔ آخری سیشن میں بمراہ نے باقی دونوں وکٹیں لے کر جنوبی افریقہ کی اننگزکا خاتمہ کردیا۔ ابتدائی صف کے بیٹرس نے مثبت آغازکیا لیکن وہ بڑی اننگز کھیلنے میں ناکام رہے۔ ریکلٹن (23) نے اچھی شروعات کی جبکہ مارکرام(31) نے اپنا کھاتہ کھولنے کے لیے23 گیندیں کھیلیں، لیکن اس کے بعد باؤنڈری سے بھرپور شاٹس کا سلسلہ شروع ہوا۔ بمراہ نے طویل اسپیل کیا اور اپنے چھٹے اوور میں انہیں کامیابی ملی۔ یکے بعد دیگرے دونوں اوپنرزآؤٹ ہوئے ، اور باووما(3) بھی زیادہ دیر نہ ٹھہر سکے ۔71/3 کے اسکور پر پہلے ایک گھنٹے کی محنت مکمل ہوئی۔ وائن ملڈر (24)، ٹونی ڈیزورجی (24) اور کائل ویرین(16) نے اننگز میں کچھ استحکام لانے کی کوشش کی لیکن تینوں تقریباً ایک ہی انداز میں آؤٹ ہوئے ۔ ٹرسٹن اسٹیبز نے ناٹ آؤٹ15 رنز بنا کر لوور آرڈر کے ساتھ اننگز سنبھالنے کی کوشش کی لیکن ہندوستانی بولروں نے صرف13 رنزکے اندر آخری پانچ وکٹیں حاصل کرکے جنوبی افریقہ کی پوری ٹیم کو پویلین بھیج دیا۔ بمراہ کے پانچ وکٹ کے علاوہ، سراج نے47 رنز دے کر دو وکٹ، کلدیپ نے36 رنز کے عوض دو وکٹیں اور اکشر پٹیل نے21 رنز دے کر ایک وکٹ حاصل کیا۔