بمراہ کی ہیٹ ٹرک، ویسٹ انڈیز پر فالو آن کا خطرہ

   

کنگسٹن۔ یکم ستمبر ۔(سیاست ڈاٹ کام) تیز گیندباز جسپریت بمراہ (ہیٹ ٹرک سمیت 16 رن پر چھ وکٹ) کی خطرناک گیند بازی سے ہندستان نے دوسرے ٹسٹ میچ کے دوسرے دن ہفتہ کو دن کا کھیل ختم ہونے تک ویسٹ انڈیز کے سات وکٹ محض 87 رنز پر گرا کر اپنی پوزیشن انتہائی مضبوط کر لی جبکہ میزبان ویسٹ انڈیز پر فالو آن کا خطرہ بڑھ گیا۔بمراہ نے طوفانی بولنگ کرتے ہوئے ویسٹ انڈیز کے بیٹنگ آرڈر کو مکمل طور پر منہدم کردیا ۔ بمراہ نے نویں اوور میں ڈیرن براوو (4)، شامرا بروکس (0) اور روسٹن چیز (0) کو مسلسل گیندوں پر آؤٹ کر اپنی پہلی ٹسٹ ہیٹ ٹرک مکمل کر لی۔ اس کے ساتھ ہی وہ ٹسٹ میں ہیٹ ٹرک بنانے والے تیسرے ہندوستانی گیند باز بن گئے ۔ وہ اس کے ساتھ ہی ویسٹ انڈیز کے خلاف ہیٹ ٹرک لینے والے دنیا کے تیسرے بولر بن گئے ۔ویسٹ انڈیز اب ہندستان کے 416 رنز کے بڑے اسکور سے 329 رنز پیچھے ہے جس سے ویسٹ انڈیز پر فالو آن کا خطرہ بڑھ گیا ہے ۔ دوسرے دن کا کھیل ختم ہونے پر وکٹ کیپر بلے باز جھمور ھیملٹن دو اور رھکیم کورنوال چار بنا کر کریز پر موجود تھے ۔ اس سے پہلے ہندستان نے ھنوما وھاری (111) کی پہلی سنچری اور تیز گیند باز ایشانت شرما (57) کی پہلی نصف سنچری سے پہلی اننگز میں 416 رن کا بڑا اسکور بنایا۔بمراہ ٹسٹ کرکٹ میں ہیٹ ٹرک کرنے والے ہندستان کے تیسرے بولر بن گئے ۔ بمراہ سے پہلے یہ کارنامہ آف اسپنر ہربھجن سنگھ اور فاسٹ بولر عرفان پٹھان کر چکے ہیں۔ ہربھجن نے سال 2001ء میں کولکتہ ٹسٹ میں آسٹریلیا کے خلاف جبکہ عرفان پٹھان نے روایتی حریف پاکستان کے خلاف 2006 میں کراچی میں کھیلے گئے ٹسٹ میں ہیٹ ٹرک لی تھی۔بمراہ نے نویں اوور کی دوسری گیند پر براوو کو سلپ میں کھڑے لوکیش راہول کے ہاتھوں کیچ کراکر پویلین بھیجا۔ اس کے بعد تیسری گیند پر نئے بلے باز کی حیثیت سے آئے بروکس کو ایل بی ڈبلیو کیا۔ اگرچہ ویسٹ انڈیز کے بلے باز نے امپائر کے فیصلے پر ڈی آر ایس لیا لیکن تیسرے امپائر نے میدانی امپائر کے فیصلے کو صحیح ٹھہراتے ہوئے بروکس کو آؤٹ قرار دیا۔بمراہ نے تیسری گیند پر چیز کو ایل بی ڈبلیو کیا لیکن امپائر نے ناٹ آوٹ قرار دیا۔ ہندستانی کپتان ویراٹ کوہلی نے بغیر دیر کئے ڈی آر ایس لینے کا فیصلہ کیا اور تیسرے امپائر نے چیز کو آؤٹ قرار دیا۔ چیز کا وکٹ ملتے ہی بمراہ نے ٹسٹ کرکٹ میں اپنی ہیٹ ٹرک مکمل کر لی۔ہندستان کے پہلی اننگز میں 416 رنز کے بڑے اسکور کا تعاقب کرتے ہوئے میزبان ٹیم کی شروعات بے حد خراب رہی اور اس کے دونوں اوپنر جلد ہی اپنا وکٹ گنوا بیٹھے ۔ کریگ بریتھویٹ اور جان کیمبل کو بمراہ نے وکٹ کے پیچھے رشبھ پنت کے ہاتھوں کیچ کراکر پویلین بھیجا۔ویسٹ انڈیز کے پانچ وکٹ محض 22 کے اسکور پر ہی گر گئے ۔ اس کے ٹاپ پانچ بلے بازوں میں سے بریتھویٹ کے علاوہ دیگر چار بلے باز دہائی کے ہندسے کو بھی نہیں چھو سکے ۔ ویسٹ انڈیز کی اننگز میں شمرن ہتمائر نے 57 گیندوں میں سات چوکوں کی مدد سے سب سے زیادہ 34 رنز بنائے ۔ کپتان جیسن ہولڈر صرف 18 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے ۔ ہولڈر نے 38 گیندوں میں 18 رن کی اننگز میں دو چوکے لگائے۔ویسٹ انڈیز کی اننگز کو آغاز میں جھنجھوڑنے کے بعد بمراہ 15 ویں اوور میں کچھ پریشانی کی وجہ سے میدان سے باہر چلے گئے ۔ بمراہ کی غیر موجودگی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے ھتمائر اور ہولڈر نے چھٹے وکٹ کے لئے 45 رن کی ساجھے داری کی۔ اس شراکت کو سمیع نے ھتمائر کو بولڈ کر توڑا جبکہ بمراہ نے میدان پر واپس لوٹنے کے بعد ہولڈر کو آؤٹ کر اپنا چھٹا وکٹ لیا۔ بمراہ 9.1 اوور میں محض 16 رنز دے کر چھ وکٹ حاصل کر چکے ہیں۔ہندوستان کی طرف سے بمراہ کے چھ وکٹ کے علاوہ فاسٹ بولر محمد سمیع کو 19 رنز دے کر ایک وکٹ ملا۔ دوسرے دن کا کھیل ختم ہونے تک وکٹ کیپر بلے باز جھمور ھیملٹن دو اور رھکیم کورنوال چار رنز بنا کر کریز پر موجود ہیں۔اس سے پہلے ہندستانی ٹیم نے پہلی اننگز میں نوجوان بلے باز ھنوما وھاری کی پہلی سنچری اور اپنے لو آرڈر بلے باز ایشانت شرما (57) کے ساتھ آٹھویں وکٹ کے لئے 112 رن کی مضبوط شراکت کی بدولت 416 رنز کا بڑا اسکور بنایا۔ ھنوما نے 225 گیندوں میں 16 چوکوں کی مدد سے 111 رنز بنائے جبکہ ایشانت نے 80 گیندوں میں 57 رن کی اننگز میں سات چوکے لگائے ۔ ہندستان کی پہلی اننگز میں وراٹ نے 76 اور مینک اگروال نے 55 رنز بنائے ۔ویسٹ انڈیز کی جانب سے کپتان ہولڈر نے 77 رنز دے کر پانچ وکٹ لئے جبکہ کورنوال نے اپنے ڈیبو میچ میں ہی 105 رنز دے کر تین وکٹ حاصل کئے ۔ کیمار روچ اور بریتھویٹ کو بالترتیب 77 اور آٹھ رن پر ایک ایک وکٹ ملا۔