مانچسٹر ۔ 8 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان ڈینیل ویٹوری نے کہا ہیکہ ہندوستانی ٹیم کے صف اول کے بولر جسپریت بمرا کو موجودہ حالات میں کھیلنا آسان نہیں۔ بمرا جنہوں نے 8 مقابلوں میں ہندوستان کیلئے 17 وکٹیں حاصل کرچکے ہیں اور وہ اس وقت بہترین فام میں ہے۔ دوسری جانب نیوزی لینڈ ٹیم کے اوپنرس ٹورنمنٹ میں تاحال ٹیم کو بہتر شروعات فراہم کرنے میں ہنوز کامیاب نہیں ہوئے ہیں لہٰذا کل سیمی فائنل میں بھی نیوزی لینڈ کیلئے بمرا اہم چیلنج ہوں گے۔ سیمی فائنل میں نیوزی لینڈ کو ہندوستان کے خلاف انگلینڈ نے جو حکمت عملی اختیار کی تھی وہی حکمت عملی اختیار کرنی ہوگی کہ بمرا کے خلاف محتاط رویہ اختیار کرتے ہوئے اسپنرس اور ہاردک پانڈیا کو نشانہ بنانا ہوگا۔ ہندوستان اور نیوزی لینڈ کی ٹیم ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں پہلی مرتبہ مدمقابل ہورہی ہے حالانکہ ٹورنمنٹ میں دونوں ٹیموںکا مقابلہ بارش کی نذر ہوگیا تھا۔ ویٹوری نے آئی سی سی کیلئے تحریر کردہ اپنے مضمون میں لکھا ہیکہ نیوزی لینڈ کے بولروں کو چاہئے کہ وہ ہندوستانی ٹاپ آرڈر کو جلد از جلد آوٹ کرتے ہوئے مڈل آرڈر کو میدان پر لے آئیں جس سے ان پر دباؤ بنے گا۔