حیدرآباد۔16۔ فروری (سیاست نیوز) تلنگانہ ہائی کورٹ نے ریاستی حکومت کو ہدایت دی ہے کہ لمبنی پارک اور گوکل چاٹ بم دھماکوں کے مقدمہ میں کریمنل اپیلوں سے نمٹنے کیلئے نئے پبلک پراسیکیوٹر کا تقرر کریں۔ 2007 ء میں لمبنی پارک اور گوکل چاٹ بم دھماکے ہوئے تھے جس میں پولیس نے 8 افراد کو ملزمین کے طور پر نشاندہی کرتے ہوئے چارج شیٹ داخل کی تھی ٹرائل کورٹ نے اسماعیل اکبر چودھری اور شفیق کو عمر قید کی سزا سنائی ۔ ان دونوں نے ٹرائل کورٹ کے فیصلہ کے خلاف ہائی کورٹ میں اپیل دائر کی ہے ۔ ر
جسٹس پی نوین کمار اور جسٹس جے سری دیوی پر مشتمل ڈیویژن بنچ کو پبلک پراسیکیوٹر نے اطلاع دی کہ سابق میں کاؤنٹر انٹلیجنس سل کے پبلک اسپیشل پراسیکیوٹر کو ہائی کورٹ کا جج مقرر کیا گیا ہے اور حکومت نے ان کے جانشین کا تقرر نہیں کیا ۔ عدالت نے حکومت کو فوری تقرر کی ہدایت دیتے ہوئے آئندہ سماعت 3 مارچ کو مقرر کی ہے۔ر