بم رکن الدولہ جھیل کی افتتاحی تقریب روک دی جائے

   

Ferty9 Clinic

چیف منسٹر ریونت ریڈی کو جہدکار لبنیٰ ثروت کا مکتوب
حیدرآباد ۔ 12۔ ڈسمبر (سیاست نیوز) سماجی جہدکار لبنیٰ ثروت نے چیف منسٹر ریونت ریڈی کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ حیڈرا کی جانب سے بم رکن الدولہ جھیل کو نقصان پہنچایا جارہا ہے۔ حیڈرا نے جھیل کی بحالی کا اعلان کیا اور اس سلسلہ میں ترقیاتی کام اختتامی مرحلہ میں ہے۔ حیڈرا کے مطابق جلد ہی جھیل کا افتتاح عمل میں آئے گا۔ لبنیٰ ثروت نے چیف منسٹر کو مکتوب میں 3 ڈسمبر کو حیڈرا کی جانب سے جھیل کے سروے کے سلسلہ میں کئی خلاف ورزیوں کی شکایت کی۔ انہوں نے کہا کہ ایف ٹی ایل حدود میں سڑک کی تعمیر کیلئے جھیل کے قدیم حدود کو نقصان پہنچایا گیا ہے۔ ایف ٹی ایل حدود میں تعمیری سرگرمیوں کی مخالفت کرتے ہوئے لبنیٰ ثروت نے کہا کہ نئی سیوریج لائین سے ناقص پانی جھیل میں داخل ہورہا ہے۔ حیڈرا حکام سے جھیل کے تحفظ کیلئے بارہا نمائندگی کی گئی لیکن حکام نے تفصیلی پراجکٹ رپورٹ حوالے نہیں کی ہے۔ جہدکار نے حیڈرا عہدیداروں پر حقائق کو توڑ مروڑ کر پیش کرنے کا الزام عائد کیا اور کہا کہ آر ٹی آئی قانون کے تحت پیش کردہ درخواستوں کو مسترد کیا گیا۔ ان کا کہنا ہے کہ ایک خانگی ایجنسی کے ذریعہ جھیل کے تاریخی حدود کو نقصان پہنچایا گیا جس کے نتیجہ میں بم رکن الدولہ جھیل کو خطرہ لاحق ہوچکا ہے۔ لبنیٰ ثروت نے چیف منسٹر ریونت ریڈی سے اپیل کی کہ جھیل کے افتتاحی پروگرام کو فوری طور پر روکنے کی ہدایت دیں۔ لبنیٰ ثروت نے سیٹلائیٹ سے حاصل کردہ تین تصاویر بھی چیف منسٹر کو روانہ کیں جس میں حیڈرا کی جانب سے خلاف ورزیوں کی نشاندہی کی گئی ہے۔1