بم رکن الدولہ جھیل کی بحالی ، چیف منسٹر نے ترقیاتی کاموں کا افتتاح کیا

   

نظام حیدرآباد کی ستائش ، میرعالم پر فلائی اوور ، میٹرو ریل پراجکٹ کی جلد تکمیل کے عزم کا اظہار
حیدرآباد : /8 مارچ (سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی نے آج پرانے شہر کے شیورام پلی میں واقع تاریخی بم رکن الدولہ جھیل کی بحالی اور تزئین نو کے کاموں کا افتتاح کیا ۔ جھیل کے اطراف غیرقانونی قبضوں کی برخاستگی کے ذریعہ ایک خوبصورت پارک تعمیر کیا گیا ۔ نظام دور حکومت کی جھیل کے تحفظ اور ترقی کا کام حیڈرا نے انجام دیا ۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے چیف منسٹر نے پرانے شہر میں میٹرو ریل پراجکٹ کی عاجلانہ تکمیل ، میر عالم تالاب کے قریب فلائی اوور کی تعمیر کا تیقن دیا ۔ انہوں نے موسٰی ندی کے اطراف 55 کلو میٹر تک نائیٹ اکانمی کے تحت رات بھر تجارتی سرگرمیوں کیلئے منصوبہ بندی کا اعلان کیا ۔ انہوں نے کہا کہ حیدرآباد میں رات ایک بجے تک کاروبار کی اجازت دی گئی ہے اور نوجوانوں کو روزگار کی فراہمی اور پرانے شہر کی معاشی ترقی کیلئے رات بھر تجارتی سرگرمیوں کی منصوبہ بندی کی جارہی ہے ۔ چیف منسٹر نے نظام حیدرآباد کی تعمیری سرگرمیوں کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ حیدرآباد کو سیلاب سے بچانے کیلئے عثمان ساگر اور حمایت ساگر تعمیر کئے گئے ۔ حیدرآباد میں جگہ جگہ خوبصورت جھلیں تعمیر کی گئیں جن پر ناجائز قبضے ہوچکے ہیں ۔ جھیلوں اور پہاڑوں کا حیدرآباد شہر آج کچرے کا مرکز بن چکا ہے ۔ جگہ جگہ کچرے کا ڈھیر دکھائی دے رہا ہے ۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ اولڈ سٹی دراصل اوریجنل یعنی اصل شہر ہے ۔ ایک طرف چارمینار دوسری طرف گولکنڈہ خوبصورتی میں اضافہ کررہے ہیں ۔ حیدرآباد کی تمام تاریخی عمارتیں نظام سرکار کی دین ہیں جن میں عثمانیہ ہاسپٹل ، عثمانیہ یونیور سٹی ، اسمبلی ، فلک نما پیلس ، پرانا پل اور دیگر تعمیرات شامل ہیں ۔ ان کا تحفظ کیا جائے گا ۔ عثمانیہ ہاسپٹل کی قدیم عمارت کا تحفظ کرکے گوشہ محل میں نئی عمارت تعمیر کی جارہی ہے ۔ انہوں نے کمشنر پولیس کو ہدایت دی کہ بم رکن الدولہ جھیل کے اطراف لیک پولسنگ کا انتظام کرکے خواتین کو تحفظ فراہم کریں ۔ 1