حیدرآباد ۔ 9 ڈسمبر ۔ ( سیاست نیوز) شہر کے مصروف ترین علاقہ بنجارہ ہلز میں دو دن قبل پیش آئے خوفناک سڑک حادثہ میں ملوث دو خاطیوں کو پولیس نے گرفتار کرلیا ۔ اس سلسلے میں تفصیلات بتاتے ہوئے پولیس کمشنر حیدرآباد انجنی کمار نے کہا کہ بی روہت گوڑ اور وی سائی سمن ریڈی 5 ڈسمبر کو رات دیر گئے بنجارہ ہلز روڈ نمبر 2 سے تیز رفتاری سے اپنی پورش کار چلاتے ہوئے کارپوریٹ دواخانہ کے دو ملازمین ہریشور اور جتیندر کو ٹکر دیدی تھی جس کے نتیجے میں اُن کی موت برسرموقع واقع ہوگئی تھی ۔ انجنی کمار نے کہا کہ حادثہ کے بعد روہت گوڑ جائے حادثہ سے فرار ہوگیا تھا جس کا پولیس کانسٹیبلس نے تعاقب کیا ۔ اُنھوں نے کہاکہ روہت اور اُس کا ساتھی پہلے مادھا پور کے ایک پب میں برتھ ڈے پارٹی میں شراب نوشی کے بعد دیگر دو پبس کو پہونچ کر وہاں بھی شراب نوشی کی اور پارک حیات ہوٹل واقع بنجارہ ہلز روڈ نمبر 2 کی سمت جاتے وقت روہت نے اپنی گاڑی کا توازن کھودیا اور دو افراد کو ٹکر دیدی تھی ۔ اُنھوں نے کہاکہ پولیس ٹیم نے روہت کا تعاقب کرتے ہوئے اُس اپارٹمنٹ پہونچ گئی جہاں پر گاڑی کو حادثہ کے بعد چھپانے کی کوشش کی گئی تھی ۔ اُنھوں نے کہاکہ حراست میں لینے کے بعد ملزم کار ڈرائیور کا معائنہ کیا گیا جس میں یہ ثابت ہوگیا کہ وہ حالت نشہ میں تھا ۔ پولیس بنجارہ ہلز نے تعزیرات ہند کے دفعات کے علاوہ موٹر وہیکلس ایکٹ کے تحت بھی ایک مقدمہ درج کرتے ہوئے اُنھیں گرفتار کرلیا اور عدالت میں پیش کرنے کے بعد جیل بھیج دیا گیا ۔ ب