رئیل اسٹیٹ تاجر کا حالت نشہ میں گاڑی چلانا حادثہ کا سبب
حیدرآباد۔6 ۔ ڈسمبر (سیاست نیوز) شہر کے پاش علاقہ بنجارہ ہلز روڈ نمبر 2 پر ایک المناک سڑک حادثہ پیش آیا جس میں حالت نشہ میں گاڑی چلانے والے کار ڈرائیور نے دو افراد کو ٹکر دے دی جس کے نتیجہ میں برسر موقع ہلاک ہوگئے ۔ تفصیلات کے مطابق رات دیر گئے 2 بجے رئیل اسٹیٹ تاجر روہت گوڑ اپنے ایک ساتھی سمن کے ہمراہ بنجارہ ہلز سے تیز رفتاری سے کار چلاتے ہوئے جارہا تھا کہ اس نے لاپرواہی سے گاڑی چلاتے ہوئے رینبو ہاسپٹل کے دو ملازمین ایودھیا رائے اور تبیندر کمار داس کو ٹکر دے دی جس سے دونوں کی برسر موقع موت واقع ہوگئی۔ اس خوفناک حادثہ کے دوران مذکورہ افراد گاڑی کی ٹکر کے بعد ہوا میں اڑ کر کچھ فاصلہ پر گرے جس میں وہ شدید طور پر زخمی ہوگئے تھے اور دواخانہ منتقل کرنے پر انہیں مردہ قرار دیا گیا۔ اس حادثہ کے بعد روہت گوڑ نے وہاں سے راہ فرار اختیار کرلی اور اپنی قیمتی پورش کار کو جوبلی ہلز کے ایک اپارٹمنٹ میں چھپا دیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ روہت گوڑ نے پیر کی دوپہر کو پولیس کے روبرو خود سپردگی اختیار کرلی ۔ پولیس بنجارہ ہلز نے ملزم کار ڈرائیور اس کے ساتھی سمن دونوں کو دواخانہ منتقل کیا تاکہ ان کے حالت نشہ میں ہونے کا پتہ لگایا جاسکے۔ مہلوکین کی نعشوں کو دواخانہ عثمانیہ کے مردہ خانہ بغرض پوسٹ مارٹم منتقل کیا گیا اور اس سلسلہ میں بھی ایک مقدمہ درج کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کردیا ۔ سمجھا جاتا ہے کہ ملزمین نے بنجارہ ہلز کے ایک پپ میں شراب نوشی کے بعد مکان واپس لوٹ رہے تھے کہ یہ حادثہ پیش آیا ۔ پولیس نے جائے حادثہ پر موجود سی سی ٹی وی کیمروں کی ریکارڈنگ حاصل کرلی ہے اور اس کا تجزیہ کیا جارہا ہے۔ قابل تشویش بات ہے کہ ٹریفک پولیس کی جانب سے مسلسل ڈرنک اینڈ ڈرائیو مہم چلانے کے بعد بھی شہر میں حالت نشہ میں گاڑی چلانے والوں کے خلاف کارروائی کرنے سے پولیس قاصر ہے۔ ب