حیدرآباد ۔ 5 ۔ اگست : ( سیاست نیوز ) : شہر حیدرآباد میں سڑک پھٹنے کا ایک خوفناک حادثہ پیش آیا جہاں درمیان میں سڑک اچانک پھٹ گئی اور اس کی زد میں آکر ایک واٹر ٹینکر تباہ ہوگیا ۔ اس حادثہ میں دو افراد بھی زخمی ہوگئے جو واٹر ٹینکر کا ڈرائیور اور کلینر بتایا گیا ہے ۔ بتایا جاتا ہے کہ یہ واقعہ شہر کے پاش علاقہ بنجارہ ہلز میں پیش آیا ۔ سمجھا جارہا ہے کہ شدید بارش کے سبب سڑک دھنس گئی تاہم یہ بھی بتایا جارہا ہے کہ اس علاقہ میں پائپ لائن نالہ ہونے کے سبب یہ حادثہ پیش آیا ۔ اس واقعہ کی اطلاع کے بعد پولیس نے مقام حادثہ پہونچ کر کارروائی کو انجام دیا ۔ اس واقعہ کے بعد شہری بلدی حکام کو شدید تنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں ۔۔ ع