تلگو فلمی شخصیتیں ‘ سیاسی قائدین کے بچے اور دیگر شامل ۔ انسپکٹر بنجارہ ہلز معطل ‘ اے سی پی کو میمو
حیدرآباد : /3 اپریل (سیاست نیوز) پاش علاقہ بنجارہ ہلز میں ٹاسک فورس نے ایک بار و پب پر دھاوا کرکے 148 افراد کو حراست میں لیا جن میں تلگو فلم انڈسٹری سے تعلق رکھنے والے افراد اور بعض سیاسی قائدین کے بچے شامل ہیں ۔ تفصیلات کے مطابق ہوٹل ریڈیسن کے پڈنگ اینڈ منک پب میں رات دیر گئے 150 سے زائد افراد شراب نوشی کررہے تھے اور قانون کی خلاف ورزی کرکے یہ پب چلایا جارہا تھا ۔ ٹاسک فورس ٹیم نے دھاوا کرکے 148 افراد کو حراست میں لے لیا اور منیجر کے قبضہ سے کوکین بھی ضبط کرلیا گیا ۔ اس کارروائی میں پولیس نے تلگو بگ باس جیتنے والے سنگر راہول سپلی گنج کے علاوہ کانگریس سابق ایم پی انجن کمار یادو کے فرزند اروند کمار گنٹور تلگودیشم رکن پارلیمنٹ جئے دیو گلا کے فرزند سدھارت گلا اور تلگو فلم اداکار ناگا بابو کی بیٹی نیہاریکا کو حراست میں لے لیا ۔ محروسین کو بنجارہ ہلز پولیس اسٹیشن منتقل کیا گیا اور تفصیلات حاصل کئے گئے ۔ علاقہ میں غیرقانونی پب چلانے اور منشیات کے استعمال کے الزامات کے پیش نظر پولیس کمشنر سی وی آنند نے انسپکٹر بنجارہ ہلز شیوا چندرا کو معطل کردیا جبکہ اے سی پی ایم سدرشن کو چارج میمو جاری کیا گیا ہے ۔ ٹاسک فورس نارتھ زون انسپکٹر نے یہ کارروائی انجام دی کو فوری انسپکٹر بنجارہ ہلز مقرر کیا گیا ۔ ڈپٹی کمشنر پولیس ویسٹ زون مسٹر جوئیل ڈیوس نے کہا کہ دھاوے کے دوران پولیس نے انیل کمار اور اس کے ساتھی کے قبضہ سے منشیات برآمد کئے ہیں اور مقدمہ درج کرکے تحقیقات کا آغاز کیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہوٹل منیجر ایم انیل کمار کے علاوہ ایک اور شخص وی ابھیشیک کو بھی گرفتار کیا گیا ہے جبکہ اس معاملہ میں ملوث وی ارجن ساکن سری نگر کالونی فرار ہے ۔ پولیس نے تلگوفلم اداکار ناگابابو کی بیٹی کو نوٹس جاری کرکے گھر جانے کی اجازت دیدی جبکہ سنگر راہول سپلی گنج اور انجن کمار یادو کے بیٹے اروند کمار یادو کو بھی گھرجانے کی اجازت دیدی ۔ بتایا جاتا ہے کہ ہوٹل منیجر اور دیگر دو افراد کو منشیات کیس میں گرفتار کیا گیا جبکہ دیگر افراد کے خلاف کوئی مقدمہ درج نہیں کیا گیا۔ب