بنجارہ ہلز پر خوفناک سڑک حادثہ2 افراد کی موت

   

حیدرآباد : یکم / جنوری (سیاست نیوز) جشن سال نو کے موقع پر بنجارہ ہلز میں المناک سڑک حادثہ پیش آیا جس میں 2 افراد بشمول خاتون ہلاک ہوگئے ۔ حادثہ اُس وقت پیش آیا جب نشہ میں دھت طالبعلم نے تیز رفتار کار کو ڈیوائیڈر کو ٹکر دیدی جس سے ایک اور کار دوسری کار سے ٹکرا گئی ۔ پولیس کے مطابق /31 ڈسمبر کی شب ایک طالبعلم تیز رفتار سے جوبلی ہلز سے پنجہ گٹہ کی سمت جارہا تھا کہ رائل ٹفن سنٹر کے روبرو ڈیوائیڈر کو ٹکر دیدی ۔ اسی دوران پیچھے سے آنے والی کار نے اس کار کو ٹکر دیدی ۔ حادثہ میں 55 سالہ ایشوری اور 45 سالہ سرینواس ہوا میں اڑ کر روڈ کی دوسری سمت جاگرے ۔ عینی شاہدین نے کہا کہ گاڑی کا ڈرائیور لاپرواہی اور تیز رفتار سے کار چلارہا تھا جس سے حادثہ ہوا ۔ سال نو کے پیش نظر پولیس کی حالت نشہ میں گاڑی چلانے والوں کے خلاف خصوصی مہم کے باوجود بھی یہ حادثہ پیش آیا ۔ اطلاع ملنے پر بنجارہ ہلز پولیس ٹیم وہاں پہنچ گئی اور نعشوں کو بغرض پوسٹ مارٹم دواخانہ منتقل کیا ۔ کاروں کو جائے حادثہ سے بذریعہ کرین منتقل کیا گیا ۔ سب انسپکٹر بنجارہ ہلز بی مہیش نے بتایا کہ حالت نشہ میں گاڑی چلانے کے نتیجہ میں ہی یہ حادثہ پیش آیا ہے ۔ اس سلسلہ میں لاپرواہی اور دیگر دفعات کے تحت ایک مقدمہ درج کرلیا گیا ہے ۔