دو خاتون کانسٹبلس پر حملہ ، حالت برہمی میں ایک کانسٹبل کی انگلی کتردی
حیدرآباد ۔ 17 ۔ نومبر (سیاست نیوز) بنجارہ ہلز میں ہفتہ کی شب پیش آئے ایک عجیب واقعہ میں ناگالینڈ کی ایک جواں سال شرابی خاتون نے پولیس اسٹیشن میں خاتون پولیس کانسٹبل پر حملہ کردیا اور ایک کانسٹبل کی انگلی کتردی۔ بتایا گیا ہے کہ ناگالینڈ کی متوطن لیزا آئی ٹی ٹیکنیشن ہے اور وہ کل رات بنجارہ ہلز روڈ نمبر 10 کے زہرا نگر علاقہ میں ایک فٹ پاتھ پر نشہ کی حالت میں دھت پڑی پائی گئی ، پولیس نے فی الفور خاتون کانسٹبل کو طلب کرتے ہوئے ان کی مدد سے اس خاتون شرابی کو بنجارہ ہلز پولیس اسٹیشن منتقل کیا ، کچھ دیر بعد ہوش میں آگئی اور گھر جانے کیلئے باہر نکل رہی تھی لیکن پولیس نے یہ کہتے ہوئے اس کو روک دیا کہ آدھی رات گزر چکی ہے ، تنہا اس حالت میں باہر جانا ٹھیک نہیں اور رشتہ داروں یا دوستوں کو طلب کرتے ہوئے ان کے ہمراہ واپس جائیے۔ پولیس کے اس مشورہ پر وہ حالت برہمی میں اپنی حواس کھو بیٹھی اور وہاں موجود دو خاتون کانسٹبل پر حملہ کردیا۔ اس واقعہ کی ایک ویڈیو کلپ بھی منظر عام پر آئی جس میں دیکھا گیا ہے کہ وہ پولیس اسٹیشن کے احاطہ میں خاتون کانسٹبل کو گھما گھما کر حملہ کا نشانہ بنا رہی تھی ۔ اس کوشش میں اس نے ایک خاتون کانسٹبل کا ہاتھ بھی کتر دیا لیکن پولیس نے پورے ڈسپلن اور صبر و تحمل کے ساتھ اس پر قابو پاتے ہوئے اس کے رشتہ داروں کو طلب کیا اور بحفاظت گھر بھیج دیا۔