تلنگانہ میں فصلوں کو بندروں سے بھاری نقصان، چیف سکریٹری سومیش کمار کا جائزہ اجلاس
حیدرآباد۔یکم ڈسمبر، ( سیاست نیوز) تلنگانہ میں کسانوں کی فصلوں کو جنگلی خنزیروں اور بندروں سے نقصان سے بچاؤ کیلئے چیف سکریٹری سومیش کمار نے اعلیٰ سطحی اجلاس طلب کیا۔ ریاستی کابینہ کے حالیہ اجلاس میں وزراء نے شکایت کی تھی کہ تلنگانہ میں کسانوں کو جنگلی خنزیروں اور بندروں سے نقصان ہورہا ہے وہ فصلوں کو تباہ کرنے کا سبب بن رہے ہیں۔ ان سے نمٹنے کیلئے اقدامات پر غور کرنے چیف سکریٹری سومیش کمار نے بی آر کے بھون میں اجلاس طلب کیا۔ محکمہ جات جنگلات، زراعت، ویٹرنری اور دیگر متعلقہ محکمہ جات کے عہدیداروں اور جنگلی جانوروں پر قابو پانے سے متعلق ماہرین کی رائے حاصل کی گئی۔ اجلاس میں بعض اہم فیصلے کئے گئے تاکہ فصلوں کو بندروں سے بچایا جاسکے۔ جنگلات، ویٹرنری اور زراعت کے محکمہ جات پر مشتمل خصوصی کمیٹی کے قیام کا فیصلہ کیا گیا جو ریاست میں بندروں کی کثرت سے نمٹنے کیلئے تجاویز پیش کرے گی۔ یہ کمیٹی دیگر ریاستوں میں بندروں سے نمٹنے کے اقدامات کا جائزہ لے گی۔ اجلاس میں بندروں کی آبادی پر قابو پانے کیلئے نس بندی کے مزید مراکز کے قیام کا جائزہ لیا گیا۔ عوام اور کسانوں میں جانوروں سے نمٹنے کے اقدامات کے بارے میں شعور بیدار کیا جائے گا تاکہ وہ کئی روایتی طریقے اختیار کرتے ہوئے فصلوں کا تحفظ کرسکیں۔ کمیٹی اندرون ایک ہفتہ بندروں کی کثرت پر قابو پانے کے سلسلہ میں رپورٹ پیش کرے گی جسے چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کے حوالے کیا جائے گا۔ آئندہ کابینی اجلاس میں اس رپورٹ پر غور کرتے ہوئے فیصلے کئے جائیں گے۔ اجلاس میں اسپیشل چیف سکریٹری جنگلات شانتی کماری، پرنسپل چیف کنزرویٹر آف فاریسٹ شریمتی آر شوبھا، سکریٹری پنچایت راج سندیپ کمار سلطانیہ، کمشنر جی ایچ ایم سی لوکیش کمار، سکریٹری زراعت رگھونندن راؤ، وائس چانسلر اگریکلچر یونیورسٹی پروین راؤ، وائس چانسلر ویٹرنری یونیورسٹی رویندر اور دیگر عہدیداروں نے شرکت کی۔ر