سرینگر: میر واعظ مولوی محمد عمر فاروق کی قیادت والی حریت کانفرنس نے معروف کمسٹ مکھن بندرو کے قتل کی پر زور مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی ہلاکت سے کشمیری سماج کو ایک بہت بڑا نقصان ہوا ہے ۔حریت کانفرنس کے ایک ترجمان نے بدھ کے روز اپنے ایک بیان میں کہا کہ آنجہانی مکھن لال بندرو نے لمبی مدت تک عوام کی بے لوث خدمت کی۔انہوں نے کہا کہ مکھن لال بندرو کی ہلاکت سے کشمیری سماج کو ایک بہت بڑا نقصان ہوا ہے ۔بیان میں مز کہا گیا: ‘یہ انسانیت کے خلاف پُر تشدد کارروائی اور قتل عام کے مترادف ہے ’۔بتادیں کہ موصوف کمسٹ کو منگل کی شام نامعلوم بندوق براداروں نے سری نگر میں اپنی دکان کے باہر گولیاں برسا کر ابدی نیند سلا دیا۔موصوف ترجمان نے کہا: ‘حریت کانفرنس مکھن لال بندرو اور دیگر دو مہلوکین کے عزیز و اقارب اور سوگورار خاندانوں کے ساتھ ان سانحہ پرتعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے ان کے صبر و تحمل کی دعا کرتی ہے ’۔انہوں نے کہا کہ ہم جموں وکشمیر کی موجودہ سنگین صورتحال اور آئے روز پیش آنے والے پُر تشدد واقعات کے نتیجے میں قیمتی انسانی جانوں کی ہلاکتوں کے تناظر میں ایک بار پھر عالمی برادری سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ مداخلت کرکے جموں وکشمیر کے دیرینہ تنازعہ کا حل نکال کرکشمیریوں کو عدم تحفظ اور غیر یقینیت کے ماحول سے نجات دلائیں۔