بندر عباس دھماکہ: ہلاکتوں کی تعداد 25 ہو گئی

   

تہران : ایران کی سب سے بڑی تجارتی بندرگاہ پر ہونے والے ایک زوردار دھماکے کے نتیجے میں ہلاکتوں کی کم از کم تعداد بڑھ کر 25 ہو گئی ہے جبکہ زخمیوں کی تعداد 800 کے قریب ہے۔ یہ دھماکہ ہفتہ 26 اپریل کو آبنائے ہرمز کے قریب جنوبی ایران کے شہر بندر عباس کی شہید رجائی بندرگاہ پر ہوا۔ آبنائے ہرمز سے دنیا کی تیل کی پیداوار کا پانچواں حصہ گزرتا ہے۔ بندرگاہ کے کسٹم دفتر نے سرکاری ٹیلی ویژن پر نشر ہونے والے ایک بیان میں کہا ہے کہ ممکنہ طور پر دھماکہ خطرناک اور کیمیائی مواد ذخیرہ کرنے والے ڈپو میں لگنے والی آگ کی وجہ سے ہوا۔ ایک علاقائی ایمرجنسی عہدیدار نے بتایا کہ کئی کنٹینر پھٹ گئے ہیں۔ نیو یارک ٹائمز نے ایران کے پاسداران انقلاب سے تعلق رکھنے والے ایک شخص کے حوالے سے بتایا کہ دھماکے کی وجہ بننے والا مادہ سوڈیم پرکلوریٹ تھا، جو میزائلوں کے لیے ٹھوس ایندھن کا ایک اہم جزو ہے۔