بندر کا خوف ‘ خاتون دوسری منزل سے گرکر فوت

   

حیدرآباد 14 جنوری ( سیاست نیوز ) ایک افسوسناک واقعہ میں ایک 50 سالہ خاتون ایک عمارت کی دوسری منزل سے گرکر فوت ہوگئی ۔ کہا گیا ہے کہ اچانک ایک بندر کو بالکنی میں دیکھ کر خاتون خوفزدہ ہوگئی اور اسی عالم میں عمارت سے گرگئی ۔ پولیس کے بموجب این نرملا نامی خاتون حیدرآباد میں مقیم تھی ۔ دو دن قبل وہ سنکرانتی کی تعطیلات کے سلسلہ میں اپنے آبائی مقام کو پہونچی ۔ جمعہ کو وہ اپنے بھائی کی جانب سے تعمیر کئے جارہے نئے مکان کو دیکھنے گئی ۔ جب وہ دوسری منزل پر پہونچی تو وہاں اچانک ہی بندر آ پہونچا جس سے وہ خوفزدہ ہوگئی ۔ وہ وہاں سے سیڑھیوں کی سمت بھاگنا چاہتی تھی اور اسی کوشش میں وہ دوسری منزل سے گرپڑی اور برسر موقع ہلاک ہوگئی ۔ پولیس نے مقام واقعہ کا معائنہ کرنے کے بعد تحقیقات کا آغاز کردیا ہے ۔نعش کو پوسٹ مارٹم کیلئے بھیج دیا گیا ۔