بندوق برداروںکی فائرنگ میں جاپانی ڈاکٹر اور پانچ افغان شہری ہلاک

   

کابل ۔ 4 ڈسمبر ( سیاست ڈاٹ کام) ایک جاپانی ڈاکٹر جس نے افغانستان میں کئی دہوں تک خدمات انجام دیں ، ملک کے مشرقی علاقہ میں ہوئے ایک حملہ میں دیگر پانچ افغان شہریوں کے ساتھ ہلاک ہوگیا ۔ 73سالہ معمر ڈاکٹر تیتسو ناکامورا ’’ پیس جاپان میڈیکل سروسیس ‘‘ کے سربراہ تھے ۔ جلال آباد میں وہ ایک گاڑی میں سوار تھے کہ ان پر بندوق برداروں نے فائرنگ کردی ۔ دریں اثناء ننگرہار گورنر کے ترجمان عطا اللہ خوگیانی نے بھی انتہائی دکھ کے ساتھ ڈاکٹر کے زخموں سے جانبر نہ ہونے کی اطلاع دی ۔ ڈاکٹر کے سینے کے دائیں جانب گولی لگی تھی اور انہیں کابل سے قریب بگرام کے ایک ہاسپٹل منتقل کرنے کی تیاریاں کی جارہی تھیں تاہم وہ جلال آباد ایئرپورٹ پہنچتے پہنچتے زخموں سے جانبر نہ ہوسکے ۔ دیگر ہلاک ہونے والے پانچ افغان شہریوں میں سے تین مہلوک ڈاکٹر کے سیکورٹی گارڈس اور ایک ڈرائیور تھا جب کہ پانچواں شخص ڈاکٹر کا ساتھی تھا ۔ فائرنگ کرتے ہوئے ڈاکٹر اور دیگر پانچ افراد کو ہلاک کرنے کی وجوہات ہنوز نامعلوم ہیں ۔