بنسی لال پیٹ میں ڈبل بیڈ روم مکانات کی تعمیر کا افتتاح

   

استفادہ کنندگان میں دستاویزات کی تقسیم ، وزراء ٹی سرینواس یادو ، محمد محمود علی اور دیگر کی شرکت
حیدرآباد ۔ 17 ۔ دسمبر : ( پریس نوٹ ) : ریاستی وزیر برائے بلدی نظم و نسق اور صنعت کے ٹی آر نے کہا کہ صرف تلنگانہ حکومت ہی غریب عوام کے لئے ایک گھر بنانے اور لڑکی کی شادی کے لیے امداد فراہم کر رہی ہے۔ جمعہ کو وہ وزراء ٹی سرینواس یادو، محمود علی، ویمولا پرشانت ریڈی اور ایم ایل سی سورابی وانی دیوی کے ہمراہ صنعت نگر حلقہ اسمبلی کے تحت بنسی لال پیٹ ڈیویژن کے سی سی نگر میں ڈبل بیڈروم مکانات کی تعمیر کا افتتاح کیا۔ بعدازاں مکانات کی الاٹمنٹ سے متعلق دستاویزات مستحقین کے حوالے کیے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کے ٹی آر نے مزید کہا کہ بزرگوں نے کہاوت کہی تھی کہ گھر بناکر دیکھو اور شادی کرکے دیکھو، یہ کہاوت ایسے ہی نہیں کہی تھی کیونکہ یہ دونوں کام بہت ہی مشکل ہیں۔ لیکن ہمارے چیف منسٹر کے چندرا شیکھر راؤ کی قیادت میں تلنگانہ حکومت ڈبل بیڈروم مکانات تعمیر کرکے غریبوں میں مفت فراہم کررہی ہیں ایسا ملک میں کسی اور ریاست میں نہیں کیا جارہا ہے۔ انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ حکومت ایک غریب لڑکی کی شادی کے لیے ایک لاکھ 116 روپے کی مالی امداد بھی فراہم کررہی ہے ایسا ملک میں کوئی اور حکومت نہیں کررہی ہے ۔ سرینواس یادو نے کہا کہ حکومت مستحقین پر ایک پیسہ کا بوجھ ڈالے بغیر مکانات تعمیر کرے گی اس خیال کے ساتھ کہ غریب لوگ اپنے گھروں میں عزت کے ساتھ زندگی بسر کر سکے۔ حکومت مستحقین کی موجودگی میں قرعہ اندازی کے ذریعے مکانات مختص کر رہی ہے۔ اس موقع پر ڈپٹی میئر ایم سری لتا ، کلکٹر شرمن، جی ایچ ایم سی کمشنر لوکیش کمار، کارپوریٹرس کرما ہیمالتہ، کولن لکشمی، سکندرآباد پارلیمانی حلقہ کے انچارج تلاسانی سائی کرن یادو، پدماراؤ نگر پارٹی انچارج گورم پون کمار گوڑ اور دیگر موجود تھے۔