حیدرآباد 2 ستمبر (سیاست نیوز) سابق گورنر ہریانہ بنڈارو دتاتریہ نے راشٹراپتی بھون میں صدرجمہوریہ دروپدی مرمو سے ملاقات کی۔ بنڈارو دتاتریہ نے 3 اکٹوبر کو وجئے دشمی کے موقع پر حیدرآباد میں منعقد ہونے والے الائی بلائی 2025 پروگرام میں صدرجمہوریہ کو بطور مہمان خصوصی شرکت کی دعوت دی۔ صدرجمہوریہ نے الائی بلائی پروگرام میں دلچسپی کا اظہار کرتے ہوئے پروگرام کے مختلف پہلوؤں پر بات چیت کی۔ اُنھوں نے سماج میں بھائی چارہ، محبت اور اُخوت کے فروغ کے لئے شروع کردہ اِس پروگرام کی ستائش کی۔ بنڈارو دتاتریہ نے باقاعدہ طور پر علیحدہ فاؤنڈیشن تشکیل دیتے ہوئے گزشتہ کئی برسوں سے اِس پروگرام کی روایت کو برقرار رکھا ہے۔ الائی بلائی پروگرام میں تلنگانہ تہذیب کی عکاسی کی جاتی ہے اور مختلف سیاسی پارٹیوں کے قائدین شرکت کرتے ہیں۔ بنڈارو دتاتریہ نے الائی بلائی پروگرام کی تفصیلات سے واقف کرایا اور کہاکہ یہ پروگرام تلنگانہ سماج میں دن بدن مقبولیت حاصل کررہا ہے۔1