بنڈلہ گوڑہ آر ٹی او پر ڈرائیونگ لائسنس ٹسٹ سلاٹ بکنگ کے لیے درخواست گذاروں کو مشکلات کا سامنا

   

حیدرآباد ۔ 24 ۔ اگست : ( سیاست نیوز) : شہر کے جنوبی حصہ میں بنڈلہ گوڑہ آر ٹی او ٹرئیک میں ڈرائیونگ لائسنس کیلئے سلاٹ بکنگ میں زیادہ تر درخواست گذاروں کو مشکلات سے دوچار ہونا پڑرہا ہے ۔ چارمینار ، بہادر پورہ اور فلک نما ، منڈلس کے درخواست گذاروں کے علاوہ پرانے شہر کے دیگر تمام درخواست گذار پرانے شہر میں کسی دوسرے آر ٹی او ٹریکس میں سلاٹ بک کرنے پر مجبور ہیں ۔ محکمہ ٹرانسپورٹ کے مطابق درخواست گذار ڈرائیونگ ٹسٹس کے لیے ان کی مرضی کے کسی بھی حیدرآباد ، رنگاریڈی اور میڑچل ملکاجگیری اضلاع میں ان کی مرضی کے کسی بھی ٹریک میں سلاٹ بک کرواسکتے ہیں ۔ سلاٹ بکنگ کا یہ آئیڈیا درخواست گذار کی سہولت اور آسانی کے مطابق انہیں موقع فراہم کرنے کے لیے ہے ۔ ایک سماجی کارکن کے مطابق چارمینار ، بہادر پورہ اور فلک نما کو چھوڑ کر پرانے شہر کے دوسرے کئی مقامات پر رہنے والے درخواست گذار بنڈلہ گوڑہ آر ٹی او ٹرئیک میں سلاٹ بک نہیں کرپاتے ہیں ۔ پرانے شہر کے ایک سماجی کارکن محمد محمود حسین نے کہا کہ عہدیداروں نے بنڈلہ گوڑہ ٹریک کو صرف تین منڈلس کے درخواست گذاروں کے لیے محدود کردیا ہے کیوں کہ مابقی درخواست گذاروں کو ناگول آر ٹی او یا شہر کے کسی دیگر ٹریکس میں اپائنٹمـنٹ لینے پر مجبور ہونا پڑ رہا ہے ۔ حالانکہ ٹرانسپورٹ عہدیداروں کے مطابق کوئی اس کی سہولت اور آسانی کے مطابق شہر میں کسی بھی ٹریک میں اپوائنمنـٹ لے سکتا ہے لیکن روزانہ پرانے شہر کے سینکڑوں درخواست گذار دور کے آر ٹی او ٹریکس میں اپائنٹمـنٹ بکنگ میں مشکلات کا سامنا کررہے ہیں ۔ حافظ بابا نگر ، چندرائن گٹہ ، بارکس ، رکشھا پورم ، سنتوش نگر ، جیسے علاقوں کے درخواست گذار جو قریب 3 تا 5 کیلو میٹر نصف قطر کے اندر ہیں اور دوسرے علاقوں بشمول یاقوت پورہ ، رین بازار اور پرانے شہر کے دوسرے مقامات کے درخواست گذار ناگول ٹریک جانے پر مجبور ہیں ۔ یہ بھی دیکھا گیا کہ درخواست گذاروں کی ایک بڑی تعداد ناگول پر اپائنٹمـنٹ لے رہے ہیں اور آر ٹی او میں بہت زیادہ تعداد میں درخواست گذاروں کا ہجوم دیکھا جارہا ہے ۔ عہدیداروں کی جانب سے اس مسئلہ کو حل کرتے ہوئے تمام درخواست گذاروں کو بنڈلہ گوڑہ آر ٹی او ٹرئیک میں سلاٹ بکنگ کی اجازت دینی چاہئے ۔ چندرائن گٹہ کے ساکن محمد منیر نے کہا کہ ’ قریب میں بنڈلہ گوڑہ آر ٹی او ٹریک میں سلاٹ بک کرنے اور مستقل لائسنس کیلئے درخواست داخل کرنے کیلئے بنڈلہ گوڑہ ٹریک سے استفادہ نہیں کیا جاسکتا ہے کیوں کہ یہ صرف چند منڈلس کیلئے محدود ہے ‘ ۔ انہوں نے کہا کہ ’ میں آر ٹی او کے قریب میں رہتا ہوں اور قریبی بنڈلہ گوڑہ ٹریک میں ڈرائیونگ لائسنس کیلئے درخواست دینے کے لیے کوئی آپشن نہیں ہے اور دور ناگول جانا پڑا ۔ جب کہ رکشھا پورم کے ساکن ایک اور درخواست گذار اکھیل ریڈی نے کہا کہ ’ جب میں ناگول ٹریک پہنچا تو وہاں بہت زیادہ تعداد میں درخواست گذار جمع تھے اور وہ ڈرائیونگ ٹسٹ کیلئے قطار میں کھڑے گھنٹوں انتظار کررہے تھے ‘ ۔۔