حیدرآباد ۔ چندرائن گٹہ کے علاقہ بنڈلہ گوڑہ کے ایک فام ہاوز میں ریو پارٹی کرنے پر پولیس چندرائن گٹہ نے پانچ افراد کے خلاف ایک مقدمہ درج کرلیا ہے۔ سب انسپکٹر چندرائن گٹہ کے گووردھن ریڈی نے بتایا کہ پولیس نے از خود کارروائی کرتے ہوئے اسی پولیس اسٹیشن سے وابستہ ایک کانسٹبل نریش کی شکایت پر پرویز نامی شخص اور اس کے ساتھیوں کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا بالخصوص واٹس اپ گروپ میں ریو پارٹی کے ویڈیوز گشت کررہے تھے جس میں رقاصاؤں کے ساتھ بعض افراد نیم برہنہ رقص کرتے دیکھے گئے۔ اس ویڈیو کا نوٹ لیتے ہوئے پولیس نے ویڈیو میں موجود پرویز اور اس کے ساتھیوں فاروق، جہانگیر، عظیم، بابا اور دیگر کے خلاف دفعات 294 اور 109 کے تحت ایک مقدمہ درج کرکے تحقیقات کا آغاز کردیا۔ پولیس کو یہ معلوم ہوا ہے کہ یہ ریو پارٹی 13 فروری کو امپیریل فام ہاوز واقع لیک ویو ہلز بنڈلہ گوڑہ میں منائی گئی تھی۔ پرویز کے بارے میں بتایا جاتا ہے کہ وہ مقامی مجلسی کارکن ہے۔