نعش پر پٹرول ڈال کر آگ لگا دی
حیدرآباد : /12 نومبر (سیاست نیوز) پرانے شہر کے علاقہ بنڈلہ گوڑہ میں پیش آئی سنسنی خیز قتل کی واردات میں شوہر نے بیوی کا قتل کردیا اور نعش کو جلادیا ۔ اس واردات کے بعد ہاشم آباد علاقہ میں سنسنی پھیل گئی اور مقامی عوام کی بڑی تعداد فیض قریشی کے مکان پر جمع ہوگئی۔ 23 سالہ قمر بیگم اپنے شوہر فیض قریشی کے حملہ میں ہلاک ہوگئی ۔ میاں بیوی میں اکثر جھگڑا ہوا کرتا تھا ۔ فیض پیشہ سے آٹو ڈرائیور بتایا گیا ہے جبکہ خاندانی ذرائع کا کہنا ہے کہ فیض کچھ کام نہیں کرتا تھا ۔ کبھی آٹو چلالیا کرتا اور کبھی باورچی کے کام پر جایا کرتا تھا ۔ کل رات میاں بیوی کے درمیان بحث و تکرار ہوئی اور فیض نے خنجر سے بیوی پر حملہ کردیا اور قمر بیگم کا قتل کرنے کے بعد اس کی نعش کو پٹرول چھڑک کر جلادیا ۔ اس واردات کو حادثہ قرار دینے کی کوشش کی گئی ۔ بیوی کے قتل کے بعد فیض قریشی فرار ہوگیا ۔ قمر بیگم کے رشتہ داروں کا الزام ہے کہ فیض قریشی کے ساتھ اس واردات میں اس کی والدہ صالحہ بیگم بھی شامل ہے اور دونوں نے منصوبہ بند طریقہ سے قمر بیگم کا قتل کیا ۔ مقتولہ کے رشتہ داروں نے الزام لگایا کہ فیض کی والدہ بیٹے کی دوسری شادی کروانا چاہتی تھی اور قمر بیگم اس میں رکاوٹ بن رہی تھی ۔ اس سلسلہ میں انسپکٹر بنڈلہ گوڑہ مسٹر ستیہ نارائنا نے بتایا کہ قمر بیگم کے قتل کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے ۔ انہوں نے فیض کی خودسپردگی کو بے بنیاد اطلاع قرار دیا اور بتایا کہ فیض اور قمر کے درمیان جھگڑے چل رہے تھے۔ فیض کچھ کام کاج نہیں کرتا تھا ۔ اس بات پر بیوی کو سخت اعتراض تھا ۔ ان کی شادی 6 سال قبل ہوئی تھی اور ان کے دو بچے ہیں ۔ گھریلو اخراجات اور بچوں کی پرورش کے متعلق قمر بیگم اکثر فیض پر کمائی کیلئے زور دیتی تھی ۔ اس بات سے تنگ آکر فیض نے حملہ کردیا جبکہ دوسری طرف فیض کو بیوی کے تعلق سے شک تھا اور اس شک کی بنیاد پر اس نے بیوی کا قتل کردیا ۔ پولیس بنڈلہ گوڑہ ہر زاویہ سے کیس کی تحقیقات کررہی ہے ۔ ع