بنڈلہ گوڑہ میں وٹرنری ڈاکٹر کا قتل ‘ بیوی اور سوتیلے بیٹے کی کارستانی

   

حیدرآباد ۔ 4 ۔ مارچ (سیاست نیوز) رمضان المبارک کا آغاز اور پہلے دہے کی عبادتوں کا سلسلہ ابھی جاری ہی ہے کہ ان مبارک ایام میں بھی قتل و غارت گری رک نہیں پائی ہے ۔ ایک انسانیت سوز واقعہ پرانے شہر میں پیش آیا جہاں بنڈلہ گوڑہ حدود میں ایک ڈاکٹر کا قتل کر دیا گیا ۔ قاتل خود اس ڈاکٹر کی تیسری بیوی اور ڈاکٹر کا سوتیلہ بیٹا ہی نکلا جنہوں نے 57 سالہ ڈاکٹر مسیح الدین کے ہاتھ پیر باندھ کر اس پر چاقو سے حملہ کیا اور قتل کردیا ۔ نعش کو اُسی حالت میں چھوڑ کر قاتل فرار ہوگئے اور بعد ازاں انہوں نے بنڈلہ گوڑہ پولیس میں خود سپردگی اختیار کرلی۔ پرانے شہر کے علاقہ بنڈلہ گورہ میں قتل کے بعد خود سپردگی ایک معمول بن گیا ہے جس پر شہریوں سے تشویش و خوف کا ماحول پیدا ہوگیا ہے۔ پرانے شہر کے علاقہ کرسٹل ٹاؤن میں پیش آئی اس قتل کی سنگین واردات سنسنی کا سبب بن گئی ۔ وٹرنری ڈاکٹر مسیح الدین بنجارہ ہلز علاقہ کے ساکن تھے جن کی تیسری بیوی شبانہ اور سوتیلہ بیٹا سمیر کرسٹل ٹاؤن میں رہتے تھے ۔ مسیح الدین اکثر اپنی تیسری بیوی کے مکان آیا کرتا تھا ۔ 3 مارچ کے دن بھی مسیح الدین کرسٹل ٹاؤن آیا تھا جہاں میاں بیوی کے درمیان نوک جھونک ہوئی اور وہ چلا گیا اور آج 4 مارچ کو وہ کرسٹل ٹاؤن پہنچا۔ باوثوق ذرائع کے مطابق مکان میں مسیح الدین کی تیسری بیوی شبانہ کے علاوہ سوتیلہ بیٹا سمیر اور اس کا ایک ساتھی پہلے سے موجود تھے ۔ ڈاکٹر مسیح الدین کا قتل سوچی سمجھی منصوبہ سازش تصور کیا جارہا ہے تاہم تاحال قتل کی وجوہات کا پتہ نہیں چل پایا ۔ مسیح الدین کے ہاتھ اور پیر باندھ دیئے گئے تھے اور اس کا قتل کیا گیا۔ پولیس ماں بیٹے کے علاوہ اس تیسرے شخص کی موجودگی اور قتل کی وجوہات کا پتہ چلا رہی ہے ۔ رمضان المبارک میں قتل ایک لمحہ فکریہ ہے ۔ ع