حیدرآباد /16 ستمبر ( سیاست نیوز ) پولیس چندرائن گٹہ نے ایک بدنام زمانہ سارق کو گرفتار کرلیا ۔ یہ بات کمشنر پولیس حیدرآباد مسٹر انجی کمار نے بتائی جو آج یہاں ایک پریس کانفرنس کو مخاطب تھے ۔ انہوں نے بتایا کہ 36 سالہ سمیر عرف لالہ ساکن بنڈلہ گوڑہ کو گرفتار کرلیا گیاہے جو مشتبہ طور پر پیلی درگاہ علاقہ میں گھوم رہا تھا کہ پولیس کے دو کانسٹیبل جو ایڈیشنل ڈی سی پی ایم اے رشید فلک نما اے سی پی کی ہدایت پر اس علاقہ میں پٹرولنگ کر رہے تھے ۔ سمیر کی مشتبہ حرکت کو دیکھتے ہوئے اسے روک لیا اور اس کو فوری پولیس اسٹیشن منتقل کرتے ہوئے اس سے پوچھ تاچھ کی ۔ اس دوران سمیر کی حقیقت واضح ہوگئی ۔ سمیر 9 وارداتوں میں مبینہ طورپر ملوث ہے ۔ پولیس نے اس کے قبضہ سے 25 لاکھ روپئے مالیتی اشیاء 520 گرام سونا ، ایک کیلو چاندی اور 2 ہزار سعودی عریال کے علاوہ ہتھوڑہ اور اسکرو ڈرائیور کو ضبط کرلیا ۔